کوئٹہ میں پاک فوج کا تربیتی طیارہ حادثے کا شکار، دو افسر شہید

0
19
کوئٹہ میں پاک فوج کا تربیتی طیارہ حادثے کا شکار، دو افسر شہید

کوئٹہ: بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں پاک فوج کا مشاق تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں انسٹرکٹر پائلٹ میجر حسنین شہزاد ہمایوں اور زیرِ تربیت پائلٹ کیپٹن عبدالصمد شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق تربیتی طیارہ کوئٹہ کے علاقے نواں کلی کے قریب حادثے کا شکار ہوا۔ ابتدائی اطلاعات میں حادثے کی ممکنہ وجہ تکنیکی خرابی بتائی گئی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق میجر حسنین شہزاد ہمایوں طیارے میں انسٹرکٹر پائلٹ کے فرائض انجام دے رہے تھے، جبکہ کیپٹن عبدالصمد زیرِ تربیت پائلٹ تھے۔ حادثے کے نتیجے میں دونوں افسر جانبر نہ ہوسکے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے طیارہ حادثے میں دونوں افسران کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا اور شہداء کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی۔

وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ ملک کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپوت پوری قوم کا فخر ہیں۔ انہوں نے شہداء کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

Leave a reply