
فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں ارجنٹائن اور اسپین کی ٹیمیں عالمی اعزاز کے حصول کے لیے مدمقابل ہوں گی۔ ارجنٹائن کی نظریں چوتھی مرتبہ ورلڈ کپ ٹرافی جیتنے پر ہیں، جبکہ اسپین دوسری بار عالمی چیمپئن بننے کے لیے میدان میں اترے گا۔
ورلڈ کپ کی تاریخ میں اب تک چند ہی ٹیمیں ایسی رہی ہیں جو عالمی ٹائٹل اپنے نام کر سکی ہیں۔ 1930 میں شروع ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں صرف 8 ممالک نے چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔
برازیل ورلڈ کپ کی تاریخ کی کامیاب ترین ٹیم ہے، جس نے پانچ مرتبہ ٹرافی جیتی۔ برازیل نے 1958، 1962، 1970، 1994 اور 2002 میں عالمی کپ اپنے نام کیا۔
جرمنی اور اٹلی چار، چار بار عالمی چیمپئن بن چکے ہیں۔ جرمنی نے 1954، 1974، 1990 اور 2014 میں جبکہ اٹلی نے 1934، 1938، 1982 اور 2006 میں ورلڈ کپ جیتا۔
ارجنٹائن نے تین مرتبہ عالمی کپ کی ٹرافی حاصل کی۔ جنوبی امریکی ٹیم نے 1978، 1986 اور 2022 میں یہ اعزاز حاصل کیا۔ 1986 کی فتح میں ڈیاگو میراڈونا جبکہ 2022 کی کامیابی میں لیونل میسی کا کردار نمایاں رہا۔
یوراگوئے نے ورلڈ کپ کے ابتدائی برسوں میں دو مرتبہ کامیابی حاصل کی، جبکہ فرانس بھی دو بار عالمی چیمپئن بن چکا ہے۔ فرانس نے 1998 اور 2018 میں ٹائٹل جیتا۔
انگلینڈ نے 1966 میں پہلی اور واحد مرتبہ ورلڈ کپ جیتا، جبکہ اسپین نے 2010 میں پہلی بار یہ اعزاز حاصل کیا۔
اب 2026 کے فائنل میں ارجنٹائن اور اسپین کے درمیان مقابلہ فیصلہ کرے گا کہ عالمی فٹبال کی تاریخ میں ایک نیا باب کون لکھے گا۔ ارجنٹائن کامیابی کی صورت میں مزید بلندی حاصل کرے گا، جبکہ اسپین دوسری بار ٹرافی اٹھانے کی کوشش کرے گا۔









