
لاہور کے علاقے ڈیفنس اے میں وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کی گاڑی کے قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک نوجوان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ گزشتہ رات پیش آیا، جب ایک گاڑی میں سوار نوجوان نے مبینہ طور پر وفاقی وزیر کی گاڑی کو اوورٹیک کرنے کے بعد فائرنگ کی۔ واقعے کے بعد ملزم کی تلاش کیلیے سیف سٹی کیمروں اورجدید ٹیکنالوجی کیمدد حاصل کی گئی۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسامہ نامی نوجوان کو گرفتار کر لیا جبکہ مبینہ طور پر استعمال ہونے والی گاڑی اور اسلحہ بھی تحویل میں لے لیا گیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اہل خانہ کے ہمراہ ڈیفنس کے علاقے میں موجود تھے کہ ایک گاڑی نے ان کی گاڑی کو کراس کیا اور فائرنگ کی گئی۔ ان کے مطابق انہوں نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی، جس پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں تاکہ فائرنگ کی اصل وجہ اور محرکات کا تعین کیا جا سکے۔







