
آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے حوالے سے واضح پیش رفت نہ ہونے کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق پیر کو ایشیائی مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز پر تیل کی قیمتیں ایک فیصد سے زائد بڑھ گئیں۔ برینٹ خام تیل کی قیمت بڑھ کر 84 ڈالر فی بیرل سے اوپر پہنچ گئی، جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت میں بھی ایک فیصد سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
آبنائے ہرمز عالمی سطح پر تیل کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم سمندری راستہ سمجھا جاتا ہے، اس لیے اس کے مستقبل سے متعلق غیر یقینی صورتحال نے توانائی کی عالمی مارکیٹ پر دباؤ بڑھا دیا ہے۔
ایران کے مطابق عمان کے ساتھ متبادل بحری راستوں کے تعین سے متعلق بات چیت آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے، تاہم تہران کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں امریکہ کو ابھی بعض دیگر شرائط پوری کرنا ہوں گی۔
مارکیٹ ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز کی صورتحال میں مزید تاخیر یا کشیدگی عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ کا سبب بن سکتی ہے۔









