ڈولفن طوفان نے مچادی تباہی! 50 ہزار سے زائد عمارتوں کی بجلی بند، 1,384 پروازیں منسوخ

0
22
ڈولفن طوفان نے مچادی تباہی! 50 ہزار سے زائد عمارتوں کی بجلی بند، 1,384 پروازیں منسوخ

شنگھائی: سمندری طوفان ڈولفن نے جاپان اور چین کے مشرقی علاقوں میں موسم کو شدید متاثر کیا ہے، جس کے باعث تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔
جاپان کے علاقے اوکیناوا میں طوفان کے باعث مختلف واقعات میں 6 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، جبکہ 50 ہزار سے زائد عمارتوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔
طوفان جاپان سے گزرنے کے بعد چین کے مشرقی ساحلی علاقوں کی جانب بڑھا، جہاں متعدد شہروں میں شدید بارشوں اور تیز ہواؤں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
چینی محکمہ موسمیات کے مطابق صوبہ جی جیانگ کے بعض علاقوں میں بارش 500 ملی میٹر تک پہنچ سکتی ہے، جبکہ شنگھائی میں بھی شدید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
خراب موسمی حالات کے پیش نظر شنگھائی کے دو بڑے ہوائی اڈوں سے 1,384 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ یانگشان بندرگاہ پر 500 سے زائد کشتیوں کو سمندر میں جانے سے روک دیا گیا ہے۔
حکام نے شہریوں کو احتیاط برتنے اور شدید موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

Leave a reply