آئل ٹینکر پر امریکی حملہ، خطے میں کشیدگی برقرار

0
16
آئل ٹینکر پر امریکی حملہ، خطے میں کشیدگی برقرار

امریکی فوج نے خلیج عمان میں ایک ایرانی آئل ٹینکر کے رَڈر کو نشانہ بنانے کی تصدیق کی ہے۔ امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق کارروائی اس وقت کی گئی جب مذکورہ ٹینکر ایران پر عائد امریکی پابندیوں اور ناکہ بندی کو عبور کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان باضابطہ جنگ بندی برقرار ہے، تاہم دونوں ممالک کے تعلقات میں تناؤ بدستور موجود ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جاری تنازع جلد ختم ہوسکتا ہے اور تیل و گیس کی عالمی ترسیل بحال ہونے کا امکان ہے، بشرطیکہ ایران مجوزہ معاہدے کو قبول کرے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ معاہدہ نہ ہونے کی صورت میں مزید سخت فوجی کارروائی کی جا سکتی ہے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق واشنگٹن اور تہران کے درمیان ایک ممکنہ معاہدے پر بات چیت جاری ہے۔ مجوزہ نکات میں ایرانی یورینیم افزودگی پر پابندیاں، بعض امریکی اقتصادی پابندیوں میں نرمی، منجمد ایرانی اثاثوں تک رسائی اور آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی بحالی شامل بتائی جا رہی ہے۔
دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے سامنے آنے والی بعض تجاویز کو ایران نے قبول نہیں کیا، تاہم نئی پیشکشوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی اگرچہ قائم ہے، لیکن مذاکرات اب تک کسی حتمی نتیجے تک نہیں پہنچ سکے۔
علاقائی صورتحال کے تناظر میں اسرائیل نے بھی بیروت کے جنوبی مضافات میں ایک حملہ کیا ہے۔ اسرائیلی حکام کے مطابق کارروائی حزب اللہ کے ایک کمانڈر کو ہدف بنا کر کی گئی، جبکہ حزب اللہ کی جانب سے فوری ردعمل سامنے نہیں آیا۔
ادھر آبنائے ہرمز میں کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں تیل اور ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس سے عالمی معیشت پر دباؤ بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
چین نے بھی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری اور جامع جنگ بندی پر زور دیا ہے۔ چینی حکام کا کہنا ہے کہ خطے میں استحکام عالمی معیشت کیلئے ضروری ہے۔

Leave a reply