پاکستان میں پہلی بار عالمی قرأت کا مقابلہ منعقد کرنے کا اعلان

اسلام آباد: پاکستان میں پہلی بار بین الاقوامی سطح پر قرأت کا مقابلہ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ مقابلہ رواں سال نومبر میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔
مذہبی امور سے وابستہ ذرائع کے مطابق یہ مقابلہ 24 نومبر سے 29 نومبر تک جاری رہے گا، جس میں اسلامی ممالک سمیت 57 برادر ممالک کے نوجوان قراء شرکت کریں گے۔
اس عالمی تقریب کے انتظامات وزارتِ مذہبی امور کی زیر نگرانی کیے جا رہے ہیں، جبکہ اختتامی تقریب میں اہم مذہبی و بین الاقوامی شخصیات، جن میں او آئی سی کے سیکرٹری جنرل اور امام کعبہ شامل ہیں، کی شرکت متوقع ہے۔
اس تاریخی اقدام کا مقصد قرآنی تعلیمات کے فروغ اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے مثبت مذہبی تشخص کو اجاگر کرنا ہے۔









