
بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں واقع سلال ڈیم کے تمام دروازے کھولے جانے کے بعد دریائے چناب میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پنجاب کے محکمہ آبپاشی نے اس صورتحال کی تصدیق کرتے ہوئے سیالکوٹ اور وزیر آباد سمیت متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے حفاظتی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جبکہ متعلقہ ادارے دریا کے بہاؤ اور نشیبی علاقوں کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ پانی کا بلند ریلا آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران وزیر آباد اور سیالکوٹ کے علاقوں تک پہنچ سکتا ہے، جس کے باعث دریا سے ملحقہ نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہونے کا خدشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق ہیڈ مرالہ اور خانکی بیراج پر پانی کی آمد میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ متعلقہ ادارے صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دریا کے قریب جانے سے گریز کریں اور مقامی انتظامیہ کی جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔
دوسری جانب ملک کے مختلف حصوں میں مون سون کی شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث متعدد علاقوں میں اربن فلڈنگ، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور مختلف حادثات کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ متعلقہ اداروں نے امدادی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں اور عوام سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔









