نظام کی ری سیٹنگ ضروری مگر حکمت و تدبر کے ساتھ

سوویت یونین ایک مضبوط عالمی ریاست تھی اشتراکی نظریات پر پندرہ ممالک سے جڑ کر قائم ہونے والی ایک نظریاتی ریاست جس کی بہت بڑی فوج تھی دوسری جنگ عظیم کے وقت اس کے فعال فوجیوں کی تعداد ایک کروڑ 43تھی جبکہ محفوظ اور میدان عمل میں اتارے جانے والی فوج کی تعداد تین کروڑ43 لاکھ تک جا پہنچی تھی، سرد جنگ کے خاتمے کے وقت جب دسمبر1991ء میں اشتراکی ریاست بکھری تو اس وقت اس کے فعال فوجیوں کی تعداد 36لاکھ70ہزار تھی اور محفوظ فوج48 لاکھ اور30ہزار نفوس پر مشتمل تھی۔ دنیا کی عظیم الجثہ اور خوفناک جاسوسی تنظیم KGB پورے نظام ریاست پر آہنی گرفت رکھتی تھی۔ سوویت یونین دنیا کی دوسری بڑی نیو کلیئر ہتھیار رکھنے والی ریاست تھی لیکن معاشی استحکام نہ ہونے کے باعث، عوام پر ظلم اور جبر کا آہنی شکنجہ مسلط کرنے کے باوجود یہ ریاست قائم نہ رہ سکی اور تاش کے پتوں کے گھروندے کی مانند بکھر گئی۔
ہم، پاکستان26کروڑ نفوس پر مشتمل قوم ہیں جس کی دو تہائی آبادی، جوانوں اور نوجوانوں پر مشتمل ہے دنیا کی بہترین مسلح افواج پانچ لاکھ60 ہزار نفوس پر مشتمل پاکستان آرمی،70 ہزار نفوس پر مشتمل فضائیہ اور30ہزار نفوس پر مشتمل نیول فورس ہے۔ ایک لاکھ85ہزار نیشنل گارڈ، دو لاکھ91ہزار سول آرمڈ فورسز بشمول رینجرز اور فرنٹیئر کور کے افراد پر مشتمل ہے۔2026-27ء کے بجٹ میں دفاعی بجٹ10.8 ارب ڈالر یا3001 ارب روپے دفاع کے لئے مختص کئے گئے ہیں جو کہ سال2025-26ء میں مختص کردہ بجٹ سے18فیصد زیادہ ہے۔گزشتہ سال میں دفاع کے لئے2550ارب روپے مختص کئے گئے تھے۔ پاکستان ایک موثر ایٹمی طاقت بھی ہے جس کے پاس170 نیو کلیئر ہتھیار ہیں جنہیں زمین، فضا اور سمندر کے راستے مطلوبہ ہدف تک پہنچانے کا ڈلیوری نظام بھی موجود ہے۔ پاکستان کا نیو کلیئر نظام عالمی تقاضوں کے عین مطابق ہے آبادی کے اعتبار سے پاکستان ایک بڑا ملک ہے دنیا کا پانچواں اور مسلم دنیا کا دوسرا بڑا ملک ہے اس کا دفاعی نظام موثر اور عالمی معیار کا ہے۔ پاکستان نے حال ہی میں اپنے سے کئی گنا بڑے ملک بھارت کے جنگ میں چھکے چھڑا کر اپنی دفاعی و حربی برتری کا لوہا منوا لیا ہے، ایران اور امریکہ اسرائیل جنگ کے دوران سفارتی میدان میں بھی اپنی برتری ثابت کر دکھائی ہے بلکہ دفاعی معاہدے میں سعودی عرب اور ترکی کے ساتھ مل کر خطے میں اپنی قوت اور ساکھ پر مہر تصدیق ثبت کر دکھائی ہے۔
اب ذرا اس کی معیشت کا جائزہ لیتے ہیں۔ بجٹ 2026-27ء میں 10ہزار سات سو 71 ارب کے اخراجات ظاہر کئے گئے ہیں جس میں 8.054 ٹریلین قرضوں پر سود اور اصل زر کی ادائیگی پر خرچ ہوں گے۔ آٹھ ہزار اب روپے دفاع،1169ارب روپے پنشن، 1091روپے پاور سیکٹر، گردشی قرضوں کی ادائیگی اور رعایتوں پر خرچ ہونگے۔ کار سرکار پر 1071 ارب روپے خرچ کئے جانے کا تخمینہ ہے، مجموعی طور پر18 ہزار771 ارب روپے کے مجموعی اخراجات کا تخمینہ ہے جبکہ ٹیکسوں سے حاصل کردہ آمدنی13ہزار ارب روپے کے قریب ہے گویا پانچ ہزار 771 ارب روپے کا خسارہ ہے یہ کیسے پورا ہو گا، قرض لیا جائے گا، بیرون ممالک سے، اندرون ملک بینکوں سے نوٹ چھاپ کر اور ایسے ہی دیگر ذرائع سے بجٹ خسارہ پورا کرنے کی کاوشیں کی جائیں گی۔ گویا معیشت میں مزید ابتری پیدا ہو گی۔عام شہری کی مشکلات میں اور بھی اضافہ ہو گا۔
اِس وقت بیروزگاری کی شرح7.1فیصد ہے، 59لاکھ افراد بیروز گار ہیں۔15سے24 سال کی عمر کے نوجوان (لڑکے لڑکیاں)12.8 فیصد بیروزگار ہیں۔افزائش آبادی کی شرح2.55 فیصد سالانہ ہے،41لاکھ سے زائد نفوس آبادی میں اضافہ کرتے ہیں۔ گیلپ کے مطابق ہر سال 35 لاکھ افراد لیبر مارکیٹ میں آتے ہیں جبکہ UNDP کے تحقیقاتی اندازوں کے مطابق 14لاکھ افراد سالانہ لیبر مارکیٹ میں آتے ہیں۔سٹیٹ بنک کی حالیہ تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق 1972-2025ء کے دوران ایک کروڑ 15لاکھ افراد کام کرنے والوں میں شامل ہوئے، یعنی 20لاکھ افراد سالانہ کے حساب سے کام کرنے والوں کی صف میں شامل ہوئے۔ یہ اعداد و شمار ایک صحت مند لیبر مارکیٹ کی موجودگی کا پتہ دے رہے ہیں۔ افزائش آبادی کی شرح بھی صحت مندانہ رجحان کی عکاس ہے، 26کروڑ نفوس پر مشتمل آبادی ایک مثبت اشاریہ ہے اگر اس کثیر آبادی کو مثبت انداز میں منظم کر کے ایک کارآمد معاشی مشین میں تبدیل کیا جا سکے۔ چین نے اپنی کثیر آبادی کو اپنی تعمیر و ترقی کی بنیاد بنایا، وسائل کھپانے والے منوؤں کی بجائے کام کرنے والے ہاتھوں پر توجہ دی اور پھر چین ایک عالمی معاشی دیو بن گیا۔ آبادی کی کثرت چین کی تعمیر و ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکی اسی لئے یہ سمجھنا کہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی آبادی اس کی ترقی کی راہ میں مزاحم ہے بالکل غلط ہے ہاں اس کثیر آبادی کو منظم اور کارآمد معاشی مشین میں نہ ڈھالنا بہت بڑا جرم ہے۔ ہماری معیشت کی بدحالی آبادی کی کثرت کے باعث نہیں ہے بلکہ سرمایہ کاری کی پست مقدار یا حجم کے باعث ہے۔ لوکل اور غیر ملکی سرمایہ کاری کی کمی معاشی نمو کی بڑھوتی کی راہ میں حائل ہے اتنی بڑی آبادی کی ضروریات کو پورا کرنے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور ملک کو تعمیر و ترقی کی راہ پر گامزن کرنے اور گامزن رکھنے کیلئے جو نظام چاہئے وہ شاید موجود نہیں ہے، ہم غربت کا شکار ہیں۔ عالمی بینک کے مطابق پاکستان کی 45فیصد آبادی خط ِ غربت سے نیچے زندگیاں گزار رہی ہے، یعنی4.20ڈالر روزانہ یا تقریباً 1200 روپے روزانہ آمدنی رکھتے ہیں۔ 10کروڑ 80 لاکھ افراد خط ِ غربت سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں عام شہری پینے کے صاف پانی، تعلیم و صحت کی بنیادی سہولتوں کے بغیر زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ آبادی بڑھ رہی ہے، موثر و مستحکم نظام کی عدم موجودگی کے باعث غربت بڑھ رہی ہے سیاسی عدم استحکام نے معاملات میں حتمی بگاڑ پیدا کر رکھا ہے۔یہی وجہ ہے کہ نظام کو ری سیٹ کرنے کی باتیں بلند آہنگ میں کی جا ری ہیں۔ افسوسناک بات یہ ہے کہ اتنے اہم ایشو کو جس انداز میں اٹھایا گیا اور جس انداز میں اسے حل کرنے کی کاوشیں کی جا ری ہیں وہ افسوسناک ہی نہیں،بلکہ خطرناک بھی ہے۔ قومی یکجہتی کے بھی، فکری ہم آہنگی کے بغیر اس مسئلے کو حل کرنے کی کاوشیں مثبت کی بجائے خطرناک منفی نتائج ظاہر کریں گی۔ ہم فکری و عملی ہم آہنگی نہ ہونے کے باعث پہلے ہی بہت نقصان اُٹھا چکے ہیں۔ بدلتے علاقائی و عالمی حالات میں ہم کسی ناکام تجربے کا خطرہ مول نہیں لے سکتے ہیں۔نظام ری سیٹ کرنے کی ضرورت ہے نظام بدلنے کی ضرورت ہے لیکن حکمت کے ساتھ، تحمل کے ساتھ، مکمل یکجہتی کے ساتھ۔
٭٭٭٭٭









