تشبیہ، شاخ گل کو نہ دوں کیوں صلیب سے

بارہا عرض کیا ہے کہ پرائمری تا ڈاکٹریٹ مجھے بیشتر اساتذہ درجہ اول کے ملے۔ کچھ کا تعارف موقع کی مناسبت سے کراتا رہتا ہوں لیکن اس پیرانہ سالی میں چند اساتذہ کی یاد کچوکے دے دیکر جگائے رکھتی ہے۔ پروفیسر ظہور الحسن خاں ارزش اردو کے پروفیسر اور ہمارے کالج کے پرنسپل تھے۔ آپ قارئین میں سے شاید کسی نے بھی یہ نام نہیں سنا ہوگا۔چلیے، جوش ملیح آبادی کی ”یادوں کی بارات“ کے صفحہ 755 پر جوش کی زبانی ان کا تعارف دیکھ لیجئے: “ہائے،مر گیا عین جوانی میں۔ کیا کہوں وہ کس قدر نکتہ رس، بلند بیں اور پختگی مائل شاعر تھا۔ اس جواں مرگ کا یہ عالم تھا کہ جب کبھی مل جاتا خوشی کے مارے کھل اٹھتا اور لذت فروتنی سے گردن جھکا لیا کرتا تھا۔ وہ جوانی میں اس قدر اچھے شعر کہتا تھا تو بوڑھا ہو کر نہ جانے کیا ہو جاتا۔ ہائے، اس کا ایک مطلع سنیے اور اس کی قبل از وقت دقیقہ سنجی پر سر دھنیے:
”تشبیہ، شاخ گل کو نہ دوں کیوں صلیب سے
دیکھا ہے میں نے جشن بہاراں قریب سے“
ارزش مرحوم رام پور کے باسی تھے جو تقسیم کے بعد پاکستان آ گئے۔ وہ تمام اہل خانہ آپس میں فارسی میں گفتگو کرتے تھے۔ سوا چھ فٹ لمبا قد، متناسب الاعضا چھریرہ کسرتی بدن، سرخ و سفید چہرہ،مردانہ وجاہت کا وہ مرقع کسرت کرتے ہوئے کسی پاس کھڑے کو اپنے بازوؤں کی مچھلیوں پر وار کرنے کو یوں کہتا: ”لوہا ہے لوہا“ انہی جیسے دو نو عمر مودب خاموش اور پیارے پیارے صاحبزادے بالعموم ان کے دائیں بائیں ہوتے تھے۔یہ اس عہد کی روایت تھی۔ اللہ کرے ان کے وہ بیٹے میری یہ تحریر پڑھیں یا کوئی اور انہیں پڑھا دے۔ رابطہ ہو گیا تو میرے ناسٹلجیا میں کچھ افاقہ ہو جائے گا۔
ارزش مرحوم مشاعرے میں یا مجھے اپنا کلام سناتے تو ترنم سے، وہ بھی بلا ناغہ۔ کہوٹہ شہر سے نکل کر دو میل پیدل چلنا اور دو میل واپس، چار میل کا یہ معمول آندھی بارش میں موقوف ہو تو ہو، ورنہ کبھی نہیں۔ میرا گھر ان کے راستے میں تھا۔ ہفتے میں کبھی ایک آدھ بار وقت مقررہ پر باہر کھڑے ہونے میں مجھے دیر ہو جاتی تو حیدر آبادی انداز میں تالی پیٹ کر قہقہہ بار جملے یوں لڑھکاتے: ”ہاں دیکھ لیا آج شہزاد تمہاری پھرتی کو، میاں چلنا ہو تو ٹانگوں میں ذرا جان ڈال کر چلو۔ تساہل ابھی میرے قریب نہیں پھٹکا، میاں تم تو جوان ہو“ پھر بازو کی مچھلی سامنے کر کے رام پوری انداز میں یوں دعوت مبارزت دیتے:”چقو (چاقو) پھیر کے دیکھ لو“ کلمہن ندی کے تب کے سیماب آسا پانی (اور آج کی سیال تارکول) میں ٹانگیں لٹکاتے تو ان کا حسن بیان اختر شیرانی کی سی لے ”مری آنکھوں کی رنگت ارغوانی اب بھی ہوتی ہے“ میں شرابور ہوجاتا۔ قلق اس پر ہے کہ انہیں جلدی کیوں اُٹھا لیا گیا اور دکھی اس پر ہوں کہ شاعر شباب اختر شیرانی کا وہ حقیقی نعم البدل اردو ادب کو کچھ دیے بغیر عین عالم شباب میں اُٹھا لیا گیا تو کیوں:
ان کی آنکھیں دو پیمانے
ہر پیمانے میں ہیں مے خانے
جلوہ خوباں ایک حقیقت
باقی ہیں سارے افسانے
جب دیکھتے کہ واپسی کا وقت قریب ہے تو کہتے: ”ہاں تو میاں اب تم بھی کچھ سناؤ“۔ میں خود کو طفلانا حجاب میں لپیٹ کر اٹھ جاتا. ان دنوں کسی بھارتی فلم کے ایک گانے نے دھوم مچا رکھی تھی ارزش مرحوم رام پوری تھے۔ ایک دن اسی طرح مجھے کچھ سنانے کو کہا تو میں نے آستیں چڑھا کر عرض کیا: ”جناب، تخت اللفظ میں مجھ پوٹھواری کا پڑھنا آپ کے حسب حال نہیں ہوگا، ترنم سے عرض کرتا ہوں“ یہ کہہ کر میں نے کشور کمار کا گایا وہی بھارتی گیت سنانا شروع کر دیا:
رام پور کا باسی ہوں میں لچھمن میرا نام
سیدھی سادی بولی میری سیدھا سادہ کام
پر ہوں بڑا البیلا، سو کے برابر اکیلا”
گیت سناتے ہوئے ہر مصرعے پر میری انگلی کا اشارہ انہی کی طرف ہوتا۔ انہوں نے قہقہہ لگایا، پھر سینے سے لگا کر بولے: ”چلو اُٹھو، آج اور ابھی تمہارے ابا کو کہتا ہوں کہ وقت ضائع کیے بغیر اس کی شادی کر دو، ورنہ برخوردار گیا ہاتھ سے“۔
تھے تو وہ اردو فارسی کے پروفیسر پر پڑھانے پر آتے تو مے گلفام، بنت عنب، مے ناب، آتش سیال، مے ارغوانی اور صہبائی خم کے خم لنڈھاتے چلے جاتے۔ اردو کا سرکاری نصاب تو انہوں نے کبھی دیکھا ہی نہیں تھا۔ پڑھاتے پڑھاتے اپنے شعرا کو وہ ایران توران بھی لے جاتے اور کسی نہ کسی نسبت سے ڑند، پاڑند اور اوستا سے حوالوں کے پرے کے پرے زبانی لے آتے۔ بہت بعد میں مجھے یونیورسٹی میں تصوف اور صوفیا وغیرہ کو ذرا سا جم کر پڑھنا پڑا تو سہولت یہ رہی کہ ارزش مرحوم میرے ذہن میں اردو مضمون پڑھاتے پڑھاتے ابن عربی، وحدت الوجود اور کثرت الوجود کی بنیاد بھی رکھ چکے تھے۔ کلمہن ندی میں ایک دن انہیں مکیش کا گانا سناتے سناتے میں جب ”درپن تمہیں جب ڈرانے لگے“ پر پہنچا تو وہیں روک کر بولے: ”میاں، یہ درپن کیا ہوتا ہے“؟ میری توقف بھری اور خجالت امیز خاموشی کو نظر انداز کر کے بولے: ”دیکھو میاں، میں ہندی بھی جانتا ہوں“یہ کہہ کر انہوں نے وہیں ریت پر ہندی رسم الخط میں درپن لکھ کر دکھایا۔ اگلے دن ایک ننھا سا آئینہ لا کر مجھے مرحمت کرتے ہوئے بولے: ”یہ رہا تمہارا اور مکیش کا درپن جسے اردو میں آئینہ اور تم پنڈی والے شیشہ کہتے ہو“۔
جوش ملیح آبادی آج میرے سامنے ہوتے تو میں ان کا مذکورہ بالا مخمصہ کہ، بوڑھا ہو کر معلوم نہیں ارزش کیا ہوتا، دور کر دیتا۔ ٹریفک حادثے میں جناب ارزش کو اللہ اپنے پاس نہ بلا لیتا تو مجھے یقین کامل ہے کہ ان کا کلام ایک جانب اختر شیرانی کا تسلسل اور پختہ تسلسل ہوتا۔ ارزش کا وہی کلام جوش کے نثری ابتدال سے پاک لیکن اس کی مشکل پسندی کا بگھار ضرور لئے ہوتا۔ ہمارے کہوٹہ انٹر کالج میں آنے سے قبل وہ بوچھال کلاں کالج میں پرنسپل تھے۔ کاش کوئی باخبر قاری بوچھال کلاں کا، یہاں کہوٹہ کا یا کہیں کا بھی ہو، مرحوم ارزش کے بیٹوں کی خبر دے دے تاکہ میرے مرض کہن، ناسٹلجیا میں شاید کچھ افاقہ ہو جائے۔
٭٭٭٭٭









