اس بڑھتی آبادی میں کتنے صوبے بنائیں گے؟

پچھلے کچھ عرصے سے نئے صوبوں کے قیام اور ناکارہ نظام کی بازگشت سنائی دے رہی ہے، اسی شور کے درمیان 28ویں آئینی ترمیم کی آوازیں بھی اٹھ رہی ہیں، یہ باتیں کرنے والے کوئی اور نہیں بلکہ وہی لوگ ہیں جو پچھلے کئی برس سے وزارتوں پر براجمان رہے ہیں، مگر ان کے اپنے ہی اتحادیوں کے موقف ان سے مختلف ہیں، کچھ لوگوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ نظام خراب نہیں،بلکہ یرغمال ہے اور جب تک یرغمال رکھنے والے اپنی سوچ نہیں بدلیں گے اس وقت تو نئے صوبوں کا بھی کوئی فائدہ نہیں ہوگا، بہرحال یہ بات قابل غور ہے کہ جب پاکستان میں چار صوبے قائم کیے گئے تھے تو اس وقت ملک کی آبادی بمشکل چھ کروڑ تھی، جبکہ آج صرف پنجاب کی آبادی تقریباً 13 کروڑ تک پہنچ چکی ہے، لیکن سوال یہ ہے کہ کیا ہمارے چاروں صوبے انتظامی ضرورت کے تحت بنائے گئے تھے یا قومیت کی بنیاد پر؟
سندھیوں کے صوبے کا نام سندھ، بلوچوں کے صوبے کا بلوچستان اور پنجابیوں کے صوبے کا نام پنجاب رکھا گیا، جبکہ پٹھان کئی دہائیوں تک صوبہ سرحد کا نام پختونخوا رکھنے کا مطالبہ کرتے رہے، بالآخر صوبہ سرحد کو خیبر کا سابقہ لگا کر خیبرپختونخوا کا نام دے دیا گیا، اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا ان قومیتوں کی بنیاد پر قائم صوبوں کو تقسیم کرکے نئے انتظامی یونٹ بنانا ممکن ہے؟
پیپلز پارٹی سندھ، تحریک انصاف خیبرپختونخوا اور مسلم لیگ (ن) پنجاب کی تقسیم کی مخالفت کرتی نظر آتی ہیں، یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ ہماری سیاسی جماعتیں عوام کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے انتظامی اختیارات کی تقسیم کے بجائے اپنے اپنے بڑے صوبوں پر سیاسی گرفت برقرار رکھنا چاہتی ہیں، حالانکہ یہ سمجھنے کے لئے کسی بڑی سائنس کی ضرورت نہیں کہ جب ملک کی آبادی چار گنا سے زیادہ بڑھ چکی ہے تو انتظامی یونٹوں کی ضرورت بھی ناگزیر ہو چکی ہے۔
ذرا سوچیں کہ اٹک، لیہ، بہاولپور، صادق آباد اور ڈیرہ غازی خان سے کسی عام شہری کیلئے لاہور پہنچنا کتنا مشکل ہو سکتا ہے؟ اسی طرح تھرپارکر کی تحصیل کنری سے کراچی اور ایبٹ آباد سے پشاور تک رسائی بھی آسان نہیں، بیشتر جمہوری ممالک میں روزمرہ کے انتظامی معاملات مقامی حکومتوں کے ہاتھ میں ہوتے ہیں، لیکن ہمارے ہاں نہ کبھی ایک مضبوط بلدیاتی نظام قائم ہو سکا اور نہ ہی صوبوں کو تقسیم کرکے چھوٹے انتظامی یونٹ بنائے جا سکے،جو حکومتی وزراء اور سیاستدان یہ اعتراف کر رہے ہیں کہ موجودہ نظام ناکارہ ہو چکا ہے، انہیں یہ بھی واضح کرنا چاہئے کہ وہ اس کی جگہ کون سا نظام لانا چاہتے ہیں، جس سے عام آدمی کی مشکلات کم ہوں گی اور حکومتی امور بہتر انداز میں چل سکیں گے، اگر ان کے خیال میں قومیت کی بنیاد پر قائم صوبوں کی بجائے انتظامی بنیادوں پر چھوٹے یونٹ بنانے سے نظام بہتر ہو سکتا ہے تو انہیں اس کی مکمل وضاحت کرنی چاہئے اور عوام کو یقین دلانا چاہیے کہ مقصد کسی قوم کو تقسیم کرنا نہیں بلکہ عوام کے لئے آسانیاں پیدا کرنا ہے۔
ویسے بھی ہمیں ایک پاکستانی قوم بن کر رہنا چاہئے، پاکستان جس قومی نظریے کی بنیاد پر معرض وجود میں آیا تھا، اسی نظریے کو مضبوط رکھنا چاہئے، جس میں علاقائی تعصب اور قومیت کی بنیاد پر تقسیم کی کوئی گنجائش نہیں ہے، ہم سب پہلے پاکستانی ہیں اور بعد میں بلوچی، سندھی، پنجابی، پٹھان یا کشمیری تاہم اگر ہم آبادی کی بنیاد پر نئے صوبے بنانا چاہتے ہیں تو ہمیں یہ بھی یاد رکھنا ہو گا کہ جس رفتار سے ہماری آبادی بڑھ رہی ہے، اگر یہی شرح برقرار رہی تو ہر دس سال بعد نئے صوبے بنانے کی ضرورت پیش آ سکتی ہے، آخر ہم کتنے صوبے بنائیں گے؟ اس لئے ضروری ہے کہ نئے انتظامی یونٹ بنانے کے ساتھ ساتھ بڑھتی ہوئی آبادی پر بھی قابو پایا جائے، ورنہ یہ نعرہ لگتا رہے گا کہ تم کتنے صوبے بناؤ گے، ہر شہر سے ایک نیا صوبہ نکلے گا۔
ہماری حکومتوں کا ہمیشہ سے یہ وتیرہ رہا ہے کہ وہ دوررس منصوبہ بندی نہیں کرتیں، ایک مسئلے کی طرف متوجہ ہوتی ہیں تو اس کے دیگر پہلوؤں پر غور نہیں کرتیں، اس کے علاوہ ریاست کے اندر کئی ایسی ریاستیں بھی قائم ہیں جو ہر معاملے پر اپنا الگ موقف رکھتی ہیں، ہمیں اپنے وسائل اور زمینی حقائق کے مطابق فیصلے کرنے ہوں گے، بڑھتی ہوئی آبادی پر فوری قابو پانے کے ساتھ حکومتوں کو اپنے شاہانہ اخراجات اور غیر ضروری پروٹوکول بھی محدود کرنے چاہئیں۔
اگر مزید صوبے بنانے ہیں تو ان کے قیام اور انتظامی اخراجات کو بھی مدنظر رکھنا ہوگا، ہمیں بادشاہت کے دور کے طور طریقے بدلنے ہوں گے، بڑے بڑے سرکاری ہاؤسز، طویل کابینہ، غیر ضروری عہدوں اور شاہانہ طرزِ حکمرانی سے اجتناب کرنا ہوگا، نئے صوبے عوام کو سہولت دینے کے لئے بننے چاہئیں، نہ کہ حکمرانوں کے اخراجات اور مراعات میں اضافے کا ذریعہ









