یورپ میں نایاب مکمل سورج گرہن، 1999 کے بعد پہلی بار آسمان کا منظر بدل جائے گا

0
22
یورپ میں نایاب مکمل سورج گرہن، 1999 کے بعد پہلی بار آسمان کا منظر بدل جائے گا

رواں سال کا دوسرا سورج گرہن آج رونما ہوگا، جس کا مکمل نظارہ یورپ کے بعض علاقوں میں کیا جاسکے گا۔ یہ فلکیاتی واقعہ 1999 کے بعد یورپ میں مکمل سورج گرہن کے مشاہدے کا ایک اہم موقع ہوگا۔

ماہرین کے مطابق سورج گرہن اس وقت ہوتا ہے جب چاند زمین اور سورج کے درمیان آجاتا ہے اور سورج کی روشنی کو کچھ دیر کے لیے مکمل یا جزوی طور پر زمین تک پہنچنے سے روک دیتا ہے۔

مکمل گرہن کے راستے میں آنے والے علاقوں میں دن کے وقت سورج مکمل طور پر چاند کے پیچھے چھپ جائے گا، جس کے باعث چند لمحوں کے لیے غیر معمولی تاریکی چھا سکتی ہے۔ گرہن یورپ کے مختلف علاقوں کے علاوہ گرین لینڈ، آئس لینڈ، اسپین کے شمالی حصوں اور پرتگال میں بھی دیکھا جاسکے گا، جبکہ برطانیہ اور آئرلینڈ میں یہ جزوی طور پر نظر آئے گا۔

گرہن کا مکمل مرحلہ جی ایم ٹی کے مطابق شام 6 بج کر 27 منٹ کے قریب شروع ہوگا۔ تاہم مختلف علاقوں میں اس کے اوقات مختلف ہوسکتے ہیں۔

پاکستان میں یہ سورج گرہن نظر نہیں آئے گا، کیونکہ گرہن کے اہم مراحل پاکستان میں رات کے وقت ہوں گے۔

ماہرین نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ سورج گرہن کے دوران براہِ راست سورج کو دیکھنے سے گریز کیا جائے۔ مشاہدے کے لیے مستند سولر سیفٹی گلاسز یا منظور شدہ حفاظتی آلات کا استعمال ضروری ہے، کیونکہ عام دھوپ کے چشمے آنکھوں کو سورج کی نقصان دہ شعاعوں سے محفوظ نہیں رکھتے۔

Leave a reply