امریکا اور ایران میں بڑی ڈیل ؟ خواجہ آصف نے تہلکہ خیز دعویٰ کر دیا

0
0
امریکا اور ایران میں بڑی ڈیل ؟ خواجہ آصف نے تہلکہ خیز دعویٰ کر دیا

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور ایران آبنائے ہرمز سے متعلق معاملے پر کسی ممکنہ سمجھوتے کے قریب پہنچ گئے ہیں، جبکہ پاکستان سفارتی کوششوں کے ذریعے دونوں فریقوں کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے متحرک ہے۔
بلومبرگ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں خواجہ آصف نے کہا کہ گزشتہ چند روز کے دوران سامنے آنے والے اشارے مثبت ہیں اور موجودہ صورتحال امن کی جانب بڑھتی محسوس ہو رہی ہے۔ ان کے مطابق آبنائے ہرمز کا مسئلہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات میں ایک اہم رکاوٹ بنا ہوا تھا۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان اس معاملے کے حل کے لیے خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ مل کر سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ ان کے بقول دونوں ممالک کے درمیان اختلافات برقرار ہیں، تاہم کسی انتظام یا سمجھوتے کے امکانات پہلے سے بہتر دکھائی دے رہے ہیں۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ایران کے دورے پر ہیں۔ دورے کے دوران انہوں نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان، وزیر خارجہ عباس عراقچی اور دیگر حکام سے ملاقاتیں کیں اور علاقائی صورتحال سمیت آبنائے ہرمز کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
پاکستان کی سفارتی کوششوں میں وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی کردار ادا کر رہے ہیں۔ دوسری جانب علاقائی سطح پر بھی کشیدگی کم کرنے اور تجارتی جہازوں کے لیے آبنائے ہرمز کی بحری آمدورفت بحال کرنے کے امکانات پر بات چیت جاری ہے۔
قطر کے حکام کے مطابق ایران اور عمان کے درمیان آبنائے ہرمز سے متعلق مذاکرات اہم مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں۔ تاہم امریکا اور ایران کے درمیان کسی حتمی معاہدے کا باضابطہ اعلان تاحال سامنے نہیں آیا۔
پاکستان کی جانب سے جاری سفارتی سرگرمیوں کو خطے میں کشیدگی کم کرنے کی ایک اہم کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔ اگر واشنگٹن اور تہران کے درمیان اتفاق رائے پیدا ہوتا ہے تو اس کے خلیج کی سلامتی، عالمی تجارت اور تیل کی ترسیل پر بھی نمایاں اثرات مرتب ہو سکتے ہیں

Leave a reply