ہریتھک روشن کی رامائن فلم کیوں نہ بن سکی؟

0
47
ہریتھک روشن کی رامائن فلم کیوں نہ بن سکی؟

ممبئی: بھارتی فلم انڈسٹری میں کئی ایسے بڑے منصوبے سامنے آئے جو شاندار اعلان کے باوجود مکمل نہ ہو سکے۔ انہی میں ایک فلم ”دی لیجنڈ آف رام“ بھی شامل ہے، جسے تقریباً 15 سال قبل ہریتھک روشن کو مرکزی کردار میں لے کر بنانے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔

2008 میں معروف فلم ساز سنجے خان نے رامائن پر مبنی اس بڑے بجٹ کی فلم کا اعلان کیا تھا۔ منصوبے کے مطابق ہریتھک روشن رام کا کردار ادا کرنے والے تھے، جبکہ لکشمن کے کردار کے لیے زاید خان اور راجہ دشرتھ کے لیے امیتابھ بچن کے نام زیر غور تھے۔

اس وقت فلم کا بجٹ تقریباً 50 کروڑ بھارتی روپے رکھا گیا تھا، جو اس دور کے حساب سے ایک بڑا پروجیکٹ سمجھا جاتا تھا۔ فلم کی کہانی پر برطانوی مصنف فرخ دھونڈی کے تعاون سے کام جاری تھا۔

زاید خان نے ایک انٹرویو میں اس منصوبے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے والد کئی سال سے اس فلم کی تیاری کر رہے تھے اور رام کے کردار کے لیے ہریتھک روشن ایک بہترین انتخاب تھے۔

تاہم مختلف وجوہات کی وجہ سے یہ فلم عملی مرحلے تک نہ پہنچ سکی۔ رپورٹس کے مطابق مالی معاملات اور ابتدائی تیاریوں میں پیش آنے والی مشکلات کے باعث یہ منصوبہ ختم کر دیا گیا، اگرچہ فلم کی تیاری پر کافی کام کیا جا چکا تھا۔

اب کئی برس بعد ہدایت کار نتیش تیواری رامائن کی کہانی کو ایک نئے انداز میں پیش کر رہے ہیں۔ اس نئے منصوبے میں رنبیر کپور رام کے کردار میں نظر آئیں گے، جبکہ دیگر اہم کرداروں کے لیے بھی کئی بڑے نام شامل ہیں۔

ہریتھک روشن کی ”دی لیجنڈ آف رام“ تو پردۂ سیمیں تک نہ پہنچ سکی، لیکن یہ آج بھی بالی ووڈ کے ان بڑے فلمی منصوبوں میں شمار ہوتی ہے جو اعلان کے بعد مکمل نہ ہو سکے۔

Leave a reply