عالمی جنگ کے دوران پیدا ہونے والا مشروب فانٹا کیسے دنیا بھر میں مشہور ہوا؟

0
9
عالمی جنگ کے دوران پیدا ہونے والا مشروب فانٹا کیسے دنیا بھر میں مشہور ہوا؟

آج فانٹا دنیا کے معروف سافٹ ڈرنکس میں شامل ہے۔ اس کا مخصوص نارنجی رنگ اور میٹھا ہلکا کھٹا ذائقہ اسے دیگر مشروبات سے الگ شناخت دیتا ہے، تاہم اس کی ابتدا ایک مشکل تاریخی دور میں ہوئی۔

دوسری جنگ عظیم کے دوران 1941 میں امریکا اور جرمنی کے درمیان تجارتی روابط متاثر ہوئے، جس کے باعث جرمنی میں موجود کوکا کولا کے پلانٹس کو اصل مشروب تیار کرنے کے لیے درکار شربت کی فراہمی رک گئی۔ اس صورتحال میں جرمنی میں کوکا کولا کے سربراہ میکس کیتھ نے مقامی دستیاب اجزا سے ایک نیا مشروب تیار کرنے کا فیصلہ کیا۔

کمپنی کی ٹیم نے مختلف مقامی اشیا کو استعمال کرتے ہوئے ایک نیا مشروب بنایا، جس میں سیب کے رس کی تیاری سے بچنے والا گودا، پنیر بنانے کے عمل سے حاصل ہونے والا پانی اور چقندر سے تیار کی گئی چینی شامل تھی۔ یہی مشروب بعد میں فانٹا کے نام سے مشہور ہوا۔

فانٹا نام کمپنی کے ایک سیلز مین جو کنیپ نے تجویز کیا، جو جرمن لفظ “فینٹاسی” سے ماخوذ تھا، جس کا مطلب تخیل یا تصور ہے۔

ابتدائی فانٹا آج کے نارنجی ذائقے والے مشروب جیسا نہیں تھا۔ اس کا ذائقہ اور اجزا دستیابی کے مطابق مختلف ہوتے رہے۔ دوسری جنگ عظیم کے بعد اٹلی میں سنگترے کی وافر پیداوار کو مدنظر رکھتے ہوئے فانٹا کا نارنجی ذائقہ متعارف کرایا گیا، جو بعد میں اس برانڈ کی سب سے بڑی پہچان بن گیا۔

فانٹا کی تاریخ کو سمجھنے کے لیے کوکا کولا کے پس منظر کو جاننا بھی ضروری ہے۔ 1886 میں امریکی فارماسسٹ جان پیمبرٹن نے ایک ایسا سیرپ تیار کیا جسے بعد میں سوڈا واٹر کے ساتھ ملا کر کوکا کولا کے نام سے فروخت کیا گیا۔

وقت کے ساتھ کوکا کولا کے اجزا میں تبدیلیاں کی گئیں۔ کمپنی نے 1903 میں کوکا کے پتوں سے حاصل ہونے والے نشہ آور جزو کو ختم کر دیا، جبکہ بعد میں کولا نٹس کے بجائے کیفین الگ سے شامل کی جانے لگی۔

1930 کی دہائی تک کوکا کولا جرمنی میں ایک مضبوط برانڈ بن چکا تھا، لیکن جنگ کے حالات نے کمپنی کو ایک نئے مشروب کی تیاری پر مجبور کیا۔ یہی ہنگامی ایجاد بعد میں فانٹا کی صورت میں دنیا بھر میں مقبول ہوگئی۔

آج فانٹا مختلف ممالک میں کئی ذائقوں کے ساتھ دستیاب ہے، لیکن اس کا نارنجی ذائقہ اب بھی اس کی سب سے نمایاں شناخت سمجھا جاتا ہے۔

Leave a reply