
قصور کے قریب پاک بھارت بین الاقوامی سرحد پر بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کی مبینہ فائرنگ سے دو پاکستانی شہری جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق واقعہ جمعے کے روز پیش آیا، جہاں لدھڑ گاؤں سے تعلق رکھنے والے تین مقامی افراد سرحدی علاقے میں موجود تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شہری بارڈر پلر سے چند قدم آگے بڑھے تو بھارتی فورسز نے مبینہ طور پر ان پر فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد موقع پر جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق تینوں افراد غیر مسلح تھے اور ان میں سے کسی نے بھی بارڈر فینس عبور کرنیکی کوشش نہیں کی۔
ذرائع نے بتایا کہ جاں بحق افراد کی شناخت عظمت رسول ولد عطا اللہ اور محسن جٹ کے نام سے ہوئی ہے، دونوں کا تعلق جٹاں والی حویلی لدھڑ سے بتایا گیا ہے۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا رپورٹس میں واقعے میں متاثرہ افراد کو مبینہ طور پر درانداز قرار دیا گیا ہے، تاہم پاکستانی سیکیورٹی ذرائع نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں نے سرحد عبور کرنے کی کوشش نہیں کی تھی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق شہریوں پر فائرنگ سرحدی معاہدوں اور طے شدہ سیکیورٹی طریقہ کار کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتی ہے۔








