دہشتگردی کے خلاف تعاون نہ ہوا تو خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی یا گورنر راج زیرِ غور آ سکتا ہے: بلاول

0
4
دہشتگردی کے خلاف تعاون نہ ہوا تو خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی یا گورنر راج زیرِ غور آ سکتا ہے: بلاول

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خیبر پختونخوا میں دہشتگردی کے بڑھتے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تحریک انصاف کی قیادت سے وفاقی حکومت کے ساتھ تعاون کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر تحریک انصاف دہشتگردی کے خلاف ریاستی اقدامات میں تعاون نہیں کرتی تو خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی یا گورنر راج جیسے اقدامات پر غور کی نوبت آ سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں وقفے وقفے سے دہشتگردی کے واقعات پیش آ رہے ہیں، تاہم صوبائی حکومت کی توجہ سیاسی سرگرمیوں پر زیادہ مرکوز دکھائی دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ نہیں چاہتے کہ دہشتگردی سے نمٹنے کے لیے خیبر پختونخوا میں غیر معمولی آئینی اقدامات کرنا پڑیں۔

بلاول بھٹو نے پی ٹی آئی کے احتجاج کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں کئی روز سے جاری احتجاج نے دارالحکومت کی معمول کی سرگرمیوں کو متاثر کیا ہے۔ ان کے مطابق اب احتجاج ختم کرکے سیاسی معاملات کو مذاکرات اور سیاسی طریقے سے حل کرنے کی کوشش کی جانی چاہیے۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے زور دیا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، لیکن قومی سلامتی اور دہشتگردی کے خلاف اقدامات کو سیاسی تنازعات سے الگ رکھنا ضروری ہے۔

Leave a reply