پاسپورٹ کے بغیر سفر؟ دبئی ائیرپورٹ نے جدید ٹیکنالوجی سے ناممکن کو ممکن بنا دیا

0
1
پاسپورٹ کے بغیر سفر؟ دبئی ائیرپورٹ نے جدید ٹیکنالوجی سے ناممکن کو ممکن بنا دیا

دبئی: متحدہ عرب امارات کے دبئی ائیرپورٹ نے مصنوعی ذہانت (AI) اور بائیومیٹرک ٹیکنالوجی کی مدد سے ایسا جدید نظام متعارف کرایا ہے جس کے تحت رجسٹرڈ مسافر روایتی انداز میں پاسپورٹ یا ٹکٹ دکھائے بغیر امیگریشن کے مراحل طے کر سکتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق اس نظام میں مصنوعی ذہانت، بائیومیٹرک کیمرے اور فلائٹ ڈیٹا کو یکجا کرکے مسافروں کی شناخت اور جانچ کا عمل چند سیکنڈ میں مکمل کیا جاتا ہے۔ جدید ٹیکنالوجی ایک وقت میں متعدد مسافروں کی بیک وقت تصدیق کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، جس سے امیگریشن کے مراحل پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ تیز ہو گئے ہیں۔
یہ سہولت ابتدائی طور پر ستمبر 2025 میں روانہ ہونے والے منتخب مسافروں کے لیے متعارف کرائی گئی تھی، جبکہ اب اسے بیرونِ ملک سے آنے والے مسافروں تک بھی توسیع دی جا رہی ہے۔
اس نظام سے استفادہ کرنے کے لیے مسافروں کو سفر سے قبل اپنی پاسپورٹ معلومات اور بائیومیٹرک تفصیلات رجسٹر کرانا ضروری ہوتا ہے۔ رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد مسافر مخصوص لین سے گزرتے ہوئے بغیر کسی دستاویز کے امیگریشن کلیئرنس حاصل کر سکتے ہیں۔
دبئی ائیرپورٹس کے چیف ایگزیکٹو پال گریفتھ کے مطابق اس منصوبے کا مقصد مسافروں کے سفر کو زیادہ آسان، تیز اور محفوظ بنانا ہے۔ ان کے بقول اس وقت اس ٹیکنالوجی کا آزمائشی استعمال فرسٹ کلاس مسافروں کے لیے کیا جا رہا ہے، جسے مرحلہ وار دیگر مسافروں تک بھی توسیع دی جائے گی۔

Leave a reply