
اسلام آباد: پاکستان میں موبائل فون صارفین کے لیے مختلف ڈیٹا اور ہائبرڈ پیکجز کی قیمتوں میں اضافہ سامنے آیا ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین معلومات کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران جاز، زونگ، یو فون اور ٹیلی نار کے متعدد ہائبرڈ اور ڈیٹا بنڈلز کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ بعض پیکجز کی قیمتیں گزشتہ سال کے مقابلے میں 33 فیصد تک بڑھ گئی ہیں۔
دستیاب اعداد و شمار کے مطابق ماہانہ ہائبرڈ پیکجز کی قیمتوں میں زیادہ سے زیادہ 500 روپے، 15 روزہ بنڈلز میں 300 روپے، ہفتہ وار پیکجز میں 130 روپے، تین روزہ بنڈلز میں 21 روپے، دو روزہ پیکجز میں 20 روپے اور ایک روزہ ہائبرڈ پیکجز میں 5 روپے تک اضافہ دیکھا گیا ہے۔
پی ٹی اے نے صارفین کی سہولت کے لیے اپنی ویب سائٹ کے کنزیومر آگاہی سیکشن میں چاروں موبائل آپریٹرز کے نمایاں ہائبرڈ اور ڈیٹا بنڈلز کا تقابلی جائزہ بھی فراہم کیا ہے، تاکہ صارفین اپنی ضرورت اور بجٹ کے مطابق مناسب پیکج کا انتخاب کر سکیں۔
اتھارٹی کے مطابق اس اقدام کا مقصد ٹیلی کام صارفین کو قیمتوں اور پیکجز سے متعلق تازہ معلومات فراہم کرنا، شفافیت کو فروغ دینا اور باخبر فیصلے کرنے میں مدد دینا ہے۔
پی ٹی اے نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ پیکجز کی تازہ ترین قیمتوں اور تفصیلات کے لیے متعلقہ موبائل کمپنیوں اور پی ٹی اے کی ویب سائٹس سے رجوع کرتے رہیں۔









