
فیفا ورلڈ کپ 2026 کے دوران کھیلا جانے والا ارجنٹینا اور مصر کے درمیان ناک آؤٹ مرحلے کا مقابلہ گوگل کی سرچ ہسٹری میں ایک غیر معمولی سنگِ میل ثابت ہوا۔
گوگل کے مطابق 7 جولائی (پاکستانی وقت کے مطابق 8 جولائی) کو اس میچ کے دوران، خاص طور پر ارجنٹینا کے فیصلہ کن گول کے فوراً بعد، سرچ انجن پر ٹریفک گزشتہ 28 برس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
کمپنی کے نالج اینڈ انفارمیشن شعبے کے سربراہ نک فوک نے بتایا کہ اس لمحے دنیا بھر سے اتنی زیادہ سرچز کی گئیں کہ گوگل کے لیے یہ اپنی تاریخ کے مصروف ترین لمحات میں سے ایک بن گیا۔ اگرچہ کمپنی نے سرچز کی درست تعداد جاری نہیں کی، تاہم ترجمان کے مطابق فیصلہ کن گول کے بعد فی سیکنڈ ہونے والی سرچز نے تمام سابقہ ریکارڈز پیچھے چھوڑ دیے۔
گوگل کے مطابق اس دوران ایسا محسوس ہو رہا تھا جیسے دنیا بھر کے صارفین ایک ہی واقعے سے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لیے بیک وقت سرچ کر رہے ہوں۔
واضح رہے کہ گوگل دنیا کا سب سے زیادہ استعمال ہونے والا سرچ انجن ہے، جہاں روزانہ اربوں سرچز کی جاتی ہیں۔ اس کے باوجود ورلڈ کپ 2026 کے اس سنسنی خیز مقابلے نے سرچ ٹریفک کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیے۔
یاد رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کا ٹائٹل اسپین نے اپنے نام کیا۔ فائنل میں اسپین نے دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کو ایک صفر سے شکست دے کر 16 سال بعد دوسری مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔









