اے آئی کی دنیا میں پاکستان کی بڑی کامیابی

0
22
اے آئی کی دنیا میں پاکستان کی بڑی کامیابی

اسلام آباد: پاکستان شنگھائی میں قائم ہونے والی نئی بین الحکومتی تنظیم ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کوآپریشن آرگنائزیشن (WAICO) کا بانی رکن بن گیا ہے۔ تنظیم کا مقصد مصنوعی ذہانت (AI) کے شعبے میں عالمی تعاون، مؤثر گورننس اور محفوظ و منصفانہ ترقی کو فروغ دینا ہے۔
چین میں منعقدہ تقریب میں 29 ممالک نےاس تنظیم کے قیام کے معاہدے پر دستخط کیے۔ پاکستان کی نمائندگی نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کی، جنہوں نے معاہدے پر دستخط کرکے پاکستان کو بانی رکن ممالک میں شامل کیا۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کے مطابق، ملک نے مصنوعی ذہانت کے شعبے میں بین الاقوامی تعاون، خصوصاً ترقی پذیر ممالک کے درمیان ٹیکنالوجی تک مساوی رسائی اور مشترکہ ترقی کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ پاکستان دیگر رکن ممالک کے ساتھ مل کر اے آئی سے متعلق عالمی تعاون، صلاحیت سازی اور ٹیکنالوجی کے منصفانہ استعمال کے فروغ کے لیے کام کرے گا۔
تنظیم میں چین، پاکستان، روس، برازیل، انڈونیشیا، قازقستان، بیلاروس، سربیا، کیوبا، وینزویلا، لاؤس سمیت مجموعی طور پر 29 ممالک شامل ہیں۔ تنظیم کا مستقل ہیڈکوارٹر شنگھائی میں قائم کیا جائے گا۔
معاہدے کے مطابق تنظیم اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی اصولوں کے مطابق کام کرے گی، جبکہ رکن ممالک کے درمیان مشاورت، تعاون، باہمی مفاد اور انسانی فلاح کو ترجیح دی جائے گی۔
اسی دوران شنگھائی میں 17 سے 20 جولائی تک ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کانفرنس بھی منعقد ہو رہی ہے، جس میں مختلف ممالک کے حکومتی نمائندے، ماہرین، ٹیکنالوجی کمپنیاں اور بین الاقوامی ادارے شرکت کریں گے۔ کانفرنس میں مصنوعی ذہانت کی عالمی گورننس، اوپن سورس اے آئی اور ترقی پذیر ممالک کے لیے ٹیکنالوجی تک رسائی جیسے موضوعات پر بھی گفتگو متوقع ہے۔

Leave a reply