
دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی تازہ عالمی درجہ بندی میں سنگاپور نے ایک بار پھر پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے، جبکہ پاکستان کا پاسپورٹ فہرست کے نچلے حصے میں شامل رہا۔
جولائی تا دسمبر 2026 کے لیے جاری ہونے والی درجہ بندی کے مطابق سنگاپور کے پاسپورٹ پر 192 ممالک میں ویزا فری یا آسان سفری رسائی حاصل ہے، جس کے باعث یہ دنیا کا سب سے طاقتور پاسپورٹ قرار پایا۔
متحدہ عرب امارات، جاپان اور جنوبی کوریا مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر رہے، جہاں ان ممالک کے شہری 188 مقامات پر بغیر پیشگی ویزا سفر کر سکتے ہیں۔
تیسرے نمبر پر سویڈن کا پاسپورٹ رہا، جبکہ بیلجیئم، ڈنمارک، فن لینڈ، فرانس، جرمنی، آئرلینڈ، اٹلی، لکسمبرگ، نیدرلینڈز، ناروے اور اسپین مشترکہ طور پر چوتھی پوزیشن پر موجود ہیں۔ یونان، آسٹریا، مالٹا، پرتگال اور سوئٹزر لینڈ پانچویں نمبر پر رہے۔
فہرست میں امریکا دسویں نمبر پر رہا، جو ماضی میں کئی برس تک دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس میں شمار ہوتا تھا۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک دہائی کے دوران متحدہ عرب امارات کے پاسپورٹ نے سب سے نمایاں بہتری دکھائی اور اس کی عالمی درجہ بندی میں تقریباً 40 درجوں کا اضافہ ہوا، جس کے بعد وہ دوسرے نمبر تک پہنچ گیا۔
دوسری جانب پاکستان کا پاسپورٹ مجموعی طور پر 100 ویں نمبر پر رہا، جس کے حامل افراد تقریباً 30 ممالک میں ویزا فری یا آسان سفری رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔
فہرست میں پاکستان سے نیچے صرف عراق، شام اور افغانستان کے پاسپورٹس رہے، جبکہ پاکستان سے اوپر یمن، صومالیہ، نیپال، شمالی کوریا، بنگلا دیش، فلسطین، ایران، اریٹیریا، سری لنکا اور لیبیا شامل ہیں۔
یہ عالمی درجہ بندی مختلف ممالک کے پاسپورٹس کے ذریعے دستیاب ویزا فری یا ویزا آن ارائیول سفری مواقع کی بنیاد پر مرتب کی جاتی ہے۔









