
خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے اور مطلوب دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے اہم اقدام کرتے ہوئے دیر اور گردونواح میں سرگرم متعدد مطلوب افراد کی نئی فہرست جاری کر دی ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق فہرست میں شامل افراد کی گرفتاری یا ان کے بارے میں مصدقہ اطلاع فراہم کرنے والوں کے لیے 40 لاکھ روپے سے ایک کروڑ 20 لاکھ روپے تک کے انعامات مقرر کیے گئے ہیں۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ خورشید نامی مطلوب شخص پر سب سے زیادہ ایک کروڑ 20 لاکھ روپے کا انعام رکھا گیا ہے، جبکہ شیر امین المعروف کاکا کی گرفتاری یا اطلاع دینے پر ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا گیا ہے۔
اسی طرح قاری احسان اور شیر عالم پر 60، 60 لاکھ روپے، سپین شاہ اور اعجاز پر 50، 50 لاکھ روپے، جبکہ کفایت، حضرت حسین اور شریف اللہ پر 40، 40 لاکھ روپے انعام مقرر کیا گیا ہے۔
دہشت گردی سے نمٹنے والے ادارے سی ٹی ڈی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مطلوب افراد کے بارے میں کسی بھی قسم کی مصدقہ معلومات قانون نافذ کرنے والے اداروں تک پہنچائیں تاکہ انہیں قانون کے مطابق گرفتار کیا جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ معلومات فراہم کرنے والے افراد کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی تاکہ ان کی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔









