آسٹریا: پیراگلائیڈر اور سیاحتی طیارہ دورانِ پرواز ٹکرا گئے

0
12
آسٹریا: پیراگلائیڈر اور سیاحتی طیارہ دورانِ پرواز ٹکرا گئے

آسٹریاکے شمالی پہاڑی علاقے شمتن ہوئہ کے قریب فضا میں ایک حیران کن حادثہ پیش آیا جہاں ایک پیراگلائیڈر خاتون اور ایک چھوٹا سیاحتی طیارہ دورانِ پرواز آپس میں ٹکرا گئے۔ واقعے کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جسمیں خوفناک لمحات واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق 44 سالہ خاتون سبرینا ہفتے کی دوپہر پیراگلائیڈنگ کر رہی تھیں اور پہاڑی مناظر سے لطف اندوز ہو رہی تھیں کہ اچانک ایک چھوٹا طیارہ ان کے قریب آ گیا۔ چند لمحوں بعد طیارہ پیراگلائیڈر کی چھتری سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں خاتون فضا میں بے قابو ہو کر گھومنے لگیں۔
حادثے کے بعد سبرینا نے ہنگامی پیراشوٹ استعمال کیا اور تیزی سے نیچے آتے ہوئے اپنی جان بچانے میں کامیاب رہیں۔ تاہم لینڈنگ سخت ہونے کے باعث انہیں معمولی چوٹیں اور خراشیں آئیں۔
ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے خاتون کو پولیس ہیلی کاپٹر کے ذریعے قریبی ایئرپورٹ منتقل کیا، جہاں طبی معائنے کے بعد ڈاکٹروں نے ان کی حالت خطرے سے باہر قرار دی۔
بعد ازاں سبرینا نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ وہ اب بھی یقین نہیں کر پا رہیں کہ اتنے خطرناک حادثے کے باوجود محفوظ بچ گئیں۔
ادھر 28 سالہ طیارہ پائلٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ اسے حادثے سے بچنے کا موقع نہیں ملا، تاہم وہ طیارے کو بحفاظت زمین پر اتارنے میں کامیاب رہا۔ مقامی حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجوہات معلوم کی جا سکیں۔

Leave a reply