مکہ دفاعی معاہدہ خطے میں امن و استحکام کیلئے ہے، وزیراعظم شہباز شریف

0
15
مکہ دفاعی معاہدہ خطے میں امن و استحکام کیلئے ہے، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے درمیان طے پانے والے مکہ دفاعی معاہدے کا مقصد کسی ملک کے خلاف جارحیت نہیں بلکہ خطے میں امن، سلامتی اور خوشحالی کو فروغ دینا ہے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے وزیراعظم نے بتایا کہ یہ معاہدہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پہلے سے موجود دفاعی تعاون کو مزید وسعت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی شراکت داری گزشتہ برس بھی معاہدے کی صورت میں آگے بڑھی تھی۔

شہباز شریف کے مطابق پاکستان اور ترکیے کے درمیان بھی کئی دہائیوں سے دفاعی اور باہمی تعاون کے مضبوط روابط قائم ہیں، جبکہ تین ملکی معاہدہ اسی دیرینہ تعاون کا تسلسل ہے۔

وزیراعظم نے حرمین شریفین کے تحفظ کو پاکستان کے عوام اور مسلح افواج کے لیے ایک اہم ذمہ داری قرار دیتے ہوئے کہا کہ مقدس مقامات کا تحفظ پاکستانی قوم کے لیے خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔

کابینہ اجلاس کے دوران ارکان نے تینوں ممالک کے درمیان دفاعی معاہدے کو اہم پیش رفت قرار دیا۔

وزیراعظم نے آزاد کشمیر کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہاں کے عوام کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کو دیا جانے والا ووٹ نواز شریف پر اعتماد کا اظہار ہے۔ انہوں نے عوام کے اعتماد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بعض عناصر نے جان بوجھ کر حالات خراب کرنے کی کوشش کی، تاہم مسائل کا مستقل حل مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

دہشت گردی کے خلاف جنگ کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک کے دفاع اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز کے جوانوں نے بے مثال قربانیاں دی ہیں، جنہیں قوم ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھے گی۔

Leave a reply