اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی تازہ صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گفتگو کے آغاز میں اسحاق ڈار نے سعودی عرب میں پیش آنے والے ہیلی کاپٹر حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف، حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے ہمدردی اور یکجہتی کا پیغام بھی پہنچایا۔
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اظہار تعزیت پر اسحاق ڈار کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کے برادرانہ جذبات کو سراہا۔
دونوں رہنماؤں نے خطے کی حالیہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور جنگ بندی معاہدے کے باوجود پیدا ہونے والی نئی پیش رفت پر تشویش کا اظہار کیا۔ اسحاق ڈار نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ مفاہمت اور سفارتی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
اس موقع پر سعودی وزیر خارجہ نے پاکستان کے دورے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد مناسب تاریخ پر اسلام آباد کا دورہ کرنا چاہتے ہیں۔ اسحاق ڈار نے اس اعلان کا خیرمقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔









