
معروف گلوکار ابرار الحق نے کہا ہے کہ ان کے ساتھی گلوکار جواد احمد ایک سادہ اور معصوم طبیعت کے انسان ہیں اور وہ ان کی بہتری کے لیے دعاگو ہیں۔
جیو پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ابرار الحق نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی اور مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ جواد احمد کو ایک اچھے انسان کے طور پر دیکھتے ہیں اور ان کی باتوں کو زیادہ سنجیدگی سے لینے کے بجائے بعض اوقات صرف انجوائے کرتے ہیں۔
ابرار الحق کے مطابق انہوں نے کئی بار جواد احمد کی بہتری کے لیے دعا کی ہے، حتیٰ کہ وہ مکہ مکرمہ جا کر بھی ان کے لیے دعا کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جواد احمد ان کے کولیگ ہیں اور جب وہ پریشان یا غصے میں نظر آتے ہیں تو افسوس ہوتا ہے، وہ چاہتے ہیں کہ ان کے دل سے ناراضگی اور غصہ ختم ہو اور انہیں سکون ملے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں ان کا رویہ مختلف تھا، لیکن اب جواد احمد کا انداز بدلتا نظر آ رہا ہے۔ ان کے مطابق انسان کی شخصیت اس کی گفتگو سے پہچانی جاتی ہے، تاہم وہ آج بھی ان کے لیے خیر کی خواہش رکھتے ہیں۔
سیاسی جماعتوں کے حوالے سے ایک سوال پر ابرار الحق نے کہا کہ برابری پارٹی اور اقرار الحسن کی سیاسی کوششیں ابھی ابتدائی مرحلے میں ہیں اور دونوں کو مزید محنت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اقرار الحسن کا سیاست میں آنا قابلِ ذکر ہے، جبکہ موجودہ سیاسی منظرنامے میں بڑی شخصیات پہلے سے موجود ہیں۔









