واٹس ایپ میں اسٹیکر ری ایکشنز فیچر متعارف

0
3
واٹس ایپ میں اسٹیکر ری ایکشنز فیچر متعارف

واٹس ایپ کی جانب سے صارفین کے لیے ایک نیا اور دلچسپ فیچر متعارف کرانے کی تیاری کی جا رہی ہے، جس کے تحت اب میسجز پر صرف ایموجیز ہی نہیں بلکہ اسٹیکرز کے ذریعے بھی ری ایکٹ کیا جا سکے گا۔

یہ نیا فیچر فی الحال اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے واٹس ایپ بیٹا ورژن میں دیکھا گیا ہے۔ اس سے قبل صارفین کسی بھی میسج کو دبا کر مختلف ایموجیز کے ذریعے فوری ردعمل ظاہر کرسکتے تھے، اور یہ سہولت کافی عرصے سے مقبول بھی رہی ہے۔

تاہم کئی مواقع پر صرف ایموجیز جذبات یا احساسات کی مکمل عکاسی نہیں کرپاتیں، اسی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے اب اسٹیکر ری ایکشنز کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ WABetaInfo کے مطابق صارفین اپنی موجودہ اسٹیکر لائبریری سے پسندیدہ اسٹیکرز منتخب کرکے کسی بھی میسج پر ری ایکٹ کرسکیں گے۔ اس سے گفتگو کے دوران جذبات، مزاح یا تخلیقی انداز میں ردعمل دینا مزید آسان ہوجائے گا۔

رپورٹ کے مطابق یہ فیچر ایموجی ری ایکشنز کی طرح ہی کام کرے گا، اس لیے صارفین کو اسے استعمال کرنے میں کسی مشکل کا سامنا نہیں ہوگا۔ اسٹیکر ری ایکشنز کا آپشن میسج ببل کے اوپری بائیں حصے میں نظر آئے گا۔

مزید دلچسپ بات یہ ہے کہ ممکنہ طور پر ایک ہی میسج پر ایموجی اور اسٹیکر دونوں کے ذریعے بیک وقت ری ایکٹ کرنا بھی ممکن ہوگا۔

فی الحال یہ فیچر محدود بیٹا صارفین کے لیے دستیاب ہے، تاہم توقع کی جا رہی ہے کہ مستقبل قریب میں اسے تمام صارفین کے لیے متعارف کرا دیا جائے گا۔

Leave a reply