چنڈی گڑھ: سابق انڈر 19 کرکٹر امن پریت سنگھ گل انتقال کر گئے

0
25
چنڈی گڑھ: سابق انڈر 19 کرکٹر امن پریت سنگھ گل انتقال کر گئے

بھارت کے سابق انڈر 19 کرکٹر اور پنجاب کے میڈیم پیسر امن پریت سنگھ گل 36 برس کی عمر میں چنڈی گڑھ میں انتقال کر گئے۔ ان کی اچانک وفات کی خبر نے کرکٹ حلقوں کو گہرے صدمے سے دوچار کر دیا ہے، جبکہ موت کی وجہ تاحال سامنے نہیں آ سکی۔

امن پریت سنگھ گل ان کھلاڑیوں میں شامل تھے جنہوں نے نوجوانی میں ویرات کوہلی کے ساتھ بھارت کی انڈر 19 ٹیم کی نمائندگی کی۔ وہ 2007 کی ٹیم کا حصہ رہے اور بعد ازاں ڈومیسٹک کرکٹ میں پنجاب کی نمائندگی بھی کی۔

انہوں نے اپنے فرسٹ کلاس کیریئر میں پنجاب کی جانب سے چھ میچز کھیلے اور 11 وکٹیں حاصل کیں۔ انہیں جونیئر سطح پر سری لنکا کے معروف کھلاڑی تھیسارا پریرا کو آؤٹ کرنے کا اعزاز بھی حاصل رہا۔

کرکٹ کیریئر کے بعد وہ پنجاب کرکٹ کے انتظامی امور سے بھی وابستہ رہے اور سلیکشن کمیٹی میں خدمات انجام دیں۔ وہ انڈین پریمیئر لیگ کے ابتدائی سیزن میں بھی پنجاب ٹیم کے اسکواڈ کا حصہ رہے۔

پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن نے ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ نہ صرف ایک باصلاحیت کھلاڑی تھے بلکہ کرکٹ سسٹم کا اہم حصہ بھی رہے۔

اس موقع پر سابق بھارتی آل راؤنڈر یووراج سنگھ نے بھی اپنے سابق ساتھی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ امن پریت ایک محنتی اور پرسکون مزاج کے کھلاڑی تھے جنہوں نے ابتدائی دنوں میں ڈریسنگ روم شیئر کیا۔ انہوں نے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار بھی کیا۔

اسی طرح پنجاب کنگز فرنچائز نے بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرکٹ نے ایک مخلص کھلاڑی اور سابق سلیکٹر کو کھو دیا ہے، جس کا خلا پر کرنا مشکل ہوگا۔

Leave a reply