ایران کا حج سیکیورٹی پر سعودی عرب سے مکمل رابطہ، امریکی بیانات کو نظر انداز کرنے کی اپیل

ایرانی حکومت کی ترجمان فاطمہ مہاجرانی نے کہا ہے کہ حج کے دوران ایرانی عازمین کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے سعودی عرب کے ساتھ تمام ضروری انتظامات اور رابطہ کاری مکمل کر لی گئی ہے۔
ایرانی نیوز ایجنسی ارنا کے مطابق ہفتہ وار پریس بریفنگ میں انہوں نے بتایا کہ عازمین حج کی روانگی اور ان کے تحفظ کے لیے طے شدہ طریقہ کار پر مکمل عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔ حکومت صدر مسعود پزشکیان کی قیادت میں ایرانی حجاج کو محفوظ اور باوقار حج کی سہولت فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران نے امریکی پابندیوں اور دباؤ سے نمٹنے کے لیے پہلے سے حکمت عملی تیار کر رکھی ہے، جبکہ ملک کی پالیسی اس کے اسٹریٹجک محل وقوع سے فائدہ اٹھانے اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات کو فروغ دینے پر مرکوز ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے بیانات کے حوالے سے فاطمہ مہاجرانی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس نوعیت کے غیر مصدقہ دعوؤں اور پروپیگنڈے پر توجہ نہ دیں، کیونکہ ان کا مقصد معاشرے میں تقسیم پیدا کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرونی دباؤ کے باوجود حکومت، دفاعی اداروں اور عوام کے درمیان ہم آہنگی برقرار ہے جو ملک کو اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا کرنے میں مدد دے رہی ہے۔









