
راولپنڈی: پاک بحریہ نے ایک مقامی سطح پر تیار کیے گئے اینٹی شپ میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تجربے کے دوران میزائل نے طویل فاصلے پر موجود ہدف کو انتہائی درستگی اور تیزی کے ساتھ نشانہ بنایا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے اس فائرنگ ٹرائل کا مشاہدہ کیا، جبکہ اس موقع پر سائنسدانوں اور انجینئرز کی ٹیم بھی موجود تھی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ یہ میزائل جدید گائیڈنس سسٹم اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہے، جو بدلتے حالات میں بھی ہدف کو مؤثر انداز میں نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
مزید کہا گیا کہ مقامی طور پر تیار کردہ یہ میزائل پاکستان کی تکنیکی صلاحیتوں اور دفاعی خود کفالت کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ کامیاب تجربہ آپریشنل تیاری اور جدید ٹیکنالوجی کے امتزاج کی عکاسی کرتا ہے۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ کامیاب ٹیسٹ پر صدر مملکت، وزیراعظم اور عسکری قیادت نے ٹیم کو سراہا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان نیوی ملک کے بحری دفاع کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے اور علاقائی سمندری سلامتی اور استحکام کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔









