ٹرمپ کا دعویٰ: ایران ایٹمی ہتھیار نہ رکھنے پر آمادہ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران ایٹمی ہتھیار نہ رکھنے پر آمادہ ہو گیا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان ممکنہ معاہدہ قریب ہے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ امریکا کی بات چیت مثبت انداز میں جاری ہے اور مذاکرات کا نیا دور جلد شروع ہو سکتا ہے۔ ان کے مطابق ایران اب ان نکات پر بھی آمادگی ظاہر کر رہا ہے جن پر وہ پہلے تیار نہیں تھا۔
انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ ایران اپنے افزودہ یورینیم کے ذخائر سے متعلق بھی لچک دکھا رہا ہے۔ صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر ایران کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا تو وہ پاکستان کا دورہ بھی کریں گے۔
آبنائے ہرمز کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ناکہ بندی نے فوجی کارروائی کے مقابلے میں زیادہ مؤثر نتائج دیے ہیں۔
مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ لبنان اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں، اور اس سلسلے میں دونوں ممالک کی قیادت کو وائٹ ہاؤس مدعو کیا گیا ہے۔
انہوں نے پاکستان کی قیادت کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی تعریف بھی کی اور انہیں قابل قیادت قرار دیا۔








