ایران کے شمال مغربی صوبے میں جاسوسی کے شبہ میں 20 افراد گرفتار

ایران کے شمال مغربی صوبے میں حکام نے 20 افراد کو گرفتار کیا ہے، جن پر الزام ہے کہ انہوں نے اسرائیل کے ساتھ رابطہ قائم کرنے کی کوشش کی اور ملک کی فوجی و سیکیورٹی تنصیبات کے بارے میں حساس معلومات فراہم کرنے کی سازش کی۔
صوبائی پراسیکیوٹر آفس کے جاری کردہ بیان کے مطابق گرفتار افراد نے ملک کی فوجی اور سیکیورٹی تنصیبات کی تفصیلات اسرائیل کو دینے کی کوشش کی۔ حکام نے اس معاملے کو ایران کی قومی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اسرائیل نے ایران کے خلاف تازہ حملوں کا ایک نیا مرحلہ شروع کر رکھا ہے، جس میں سیکیورٹی چیک پوسٹس اور دیگر حساس تنصیبات کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ کارروائیاں اسرائیل کے لیے زمین پر موجود خفیہ ذرائع سے حاصل کی گئی معلومات پر مبنی ہیں، جو فوجی حکمت عملی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔








