
کراچی میں بیٹوں کے ہاتھوں باپ قتل
کراچی کے علاقے فیڈرل B ایریا میں باپ کو قتل کرنے والے بیٹوں نے تفتیش میں تہلکہ خیز انکشافات کیے ہیں، انہوں نے دوران تفتیش بتایا کہ مقتول نے انہیں میرپور خاص سے بلایا تھا اور روزگار کے لیے کہتا تھا، باپ نے کچھ دن پہلے مارا پیٹا بھی تھا، انہوں نے دوران تفتیش بتایا کہ ساٹھ سالہ والد کو بوتل میں چوہے مار دوا ملا کر بے ہوش کیا اور پھر گلے پر چھری چلا کر قتل کر دیا، اس کے بعد جسم کے ٹکڑے کرنے کی بھی کوشش کی۔
ملزمان نے بتایا کہ لاش کو کسی جگہ پر پھینکنا چاہتے تھے، لیکن گھر سے نکلنے لگے تو چوکیدار نے روکا اور پوچھا کہ بورے میں کیا ہے، اس کو بتایا کہ سامان ہے جس کو پنجاب بھیجنا ہے، راستے میں پولیس مل گئی پولیس سمجھی کہ بورے میں ماوا یا گٹکا ہے اور جب تلاشی لی گئی تو لاش برآمد ہوئی، پولیس ذرائع کے مطابق مقتول پیشے کے اعتبار سے حکیم تھا، اور اپنے بیٹوں کے ساتھ مدرسے میں رہتا تھا، گرفتار ملزمان کے نام افضل اور ابراہیم ہیں، ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔









