تمباکو کے پودے سے کینسر کی اہم دوا بنانے میں سائنس دانوں کی بڑی پیش رفت

0
11
تمباکو کے پودے سے کینسر کی اہم دوا بنانے میں سائنس دانوں کی بڑی پیش رفت

کینسر کے علاج میں استعمال ہونے والی اہم دوا پیسلی ٹیکسل (Paclitaxel) کی تیاری کے حوالے سے سائنس دانوں نے ایک بڑی کامیابی حاصل کرلی ہے۔ محققین نے تمباکو کے مخصوص پودے میں اس دوا کی تیاری کا مکمل حیاتیاتی نظام تیار کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔

پیسلی ٹیکسل کو ٹیکسال (Taxol) بھی کہا جاتا ہے اور یہ مختلف اقسام کے کینسر کے علاج میں استعمال ہوتی ہے۔ اب تک اس دوا کے حصول کے لیے قدرتی ذرائع، بالخصوص یو کے درختوں پر انحصار کیا جاتا رہا ہے، لیکن اس کی محدود دستیابی اور پیچیدہ کیمیائی ساخت پیداوار کو مشکل بناتی ہے۔

سائنسی جریدے نیچر کیمیکل بائیولوجی میں 23 نومبر کو شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق یونیورسٹی آف کوپن ہیگن کے محقق سوٹیریوس کامپرانیس کی سربراہی میں سائنس دانوں کی بین الاقوامی ٹیم نے تمباکو کی ایک مخصوص قسم نیکوٹیانا بینتھامیانا (Nicotiana benthamiana) کو اس مقصد کے لیے استعمال کیا۔ اس تحقیق میں یونیورسٹی آف ایتھنز اور فیوم یونیورسٹی کے ماہرین بھی شریک تھے۔

تحقیق میں سائنس دانوں نے دوا کی تیاری میں شامل مختلف حیاتیاتی مراحل اور ان میں کام کرنے والے خامروں کا جائزہ لیا۔ اس کے علاوہ دورانِ عمل بننے والے کیمیائی مرکبات کو الگ کرکے جدید این ایم آر ٹیکنالوجی کے ذریعے ان کی ساخت کی تصدیق بھی کی گئی۔

محققین نے دریافت کیا کہ پیسلی ٹیکسل کی تیاری کا عمل پودے کے خلیے کے مختلف حصوں میں انجام پاتا ہے۔ ان میں پلاسٹڈز، اینڈوپلازمک ریٹیکیولم، سائٹوپلازم اور پیروکسی سومز شامل ہیں۔ دوا کی تیاری کے لیے ان حصوں کے درمیان مخصوص کیمیائی مرکبات کی منتقلی بھی ضروری ہے۔

اس تحقیق کا ایک اہم نتیجہ دوا کی پیداوار میں غیر معمولی اضافہ ہے۔ سائنس دانوں کے مطابق جینیاتی اور حیاتیاتی طریقوں میں تبدیلی کے ذریعے پیداوار 500 گنا سے زیادہ بڑھائی گئی۔ تجربات کے دوران ایک گرام خشک پودے سے 61.05 مائیکروگرام پیسلی ٹیکسل حاصل کی گئی۔

ماہرین کے مطابق یہ کامیابی مستقبل میں کینسر کی اہم ادویات پودوں کے ذریعے تیار کرنے کے نئے امکانات پیدا کرسکتی ہے۔ اس طریقے سے قدرتی درختوں پر انحصار کم کرنے اور دوا کی مسلسل فراہمی میں مدد ملنے کی توقع ہے۔

تاہم سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ اس طریقہ کار کو تجارتی سطح پر اپنانے سے پہلے مزید تحقیق، پیداوار میں اضافے اور معیار و حفاظت کی جانچ ضروری ہوگی۔ فی الحال اسے دوا کی بڑے پیمانے پر تیاری کی جانب ایک اہم سائنسی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

Leave a reply