خاموش اسٹیکرز کا دور ختم! واٹس ایپ نے متعارف کرانے کی تیاری کرلی بڑا فیچر

0
12
خاموش اسٹیکرز کا دور ختم! واٹس ایپ نے متعارف کرانے کی تیاری کرلی بڑا فیچر

واٹس ایپ صارفین کے لیے ایک نیا دلچسپ فیچر متعارف کرانے کی تیاری کر رہا ہے، جس کے ذریعے اب عام تصویری اسٹیکرز کو آواز کے ساتھ بھی شیئر کرنا ممکن ہوگا۔

ٹیکنالوجی رپورٹس کے مطابق اس نئے فیچر کی آزمائش اینڈرائیڈ ایپ کے بیٹا ورژن میں شروع کر دی گئی ہے۔ ابتدائی طور پر یہ سہولت محدود صارفین کو دستیاب ہوگی، جبکہ مستقبل میں آئی فون صارفین کے لیے بھی اسے پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

نئے فیچر کی مدد سے صارفین اپنے موبائل فون میں محفوظ ویڈیوز کو اسٹیکرز میں تبدیل کر سکیں گے اور اسٹیکر ایڈیٹر میں موجود آڈیو آپشن کے ذریعے ان میں آواز شامل کر سکیں گے۔

اس مقصد کے لیے صارفین کو تین مختلف سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ وہ ویڈیو کی اصل آواز استعمال کر سکیں گے، اپنی آواز ریکارڈ کر سکیں گے یا فون میں پہلے سے موجود آڈیو فائل کو اسٹیکر کے ساتھ منسلک کر سکیں گے۔

اسٹیکر موصول ہونے پر دوسرے صارف کو اس کے ساتھ آڈیو کا ایک چھوٹا آئیکون دکھائی دے گا۔ تاہم آواز خودکار طور پر نہیں چلے گی بلکہ اسے سننے کے لیے اسٹیکر پر ٹیپ کرنا ہوگا۔

رپورٹس کے مطابق یہ فیچر صرف ویڈیو سے تیار کردہ اسٹیکرز تک محدود نہیں ہوگا بلکہ پہلے سے موجود عام اسٹیکرز میں بھی آڈیو شامل کرنے کی سہولت دی جا سکتی ہے۔

یہ فیچر اینڈرائیڈ کے بیٹا ورژن 2.26.41.3 میں سامنے آیا ہے۔ صارفین گوگل پلے اسٹور کے ذریعے واٹس ایپ کے بیٹا پروگرام میں شمولیت کی دستیابی چیک کر سکتے ہیں۔

فی الحال واٹس ایپ کی جانب سے اس فیچر کی عالمی سطح پر فراہمی یا تمام صارفین کے لیے ریلیز کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

Leave a reply