خلیج میکسیکو کی سمندری تہہ سے گھریلو برقی آلات کا حیران کن ذخیرہ دریافت

0
28
خلیج میکسیکو کی سمندری تہہ سے گھریلو برقی آلات کا حیران کن ذخیرہ دریافت

خلیج میکسیکو کی گہرائی میں سائنس دانوں کو گھریلو استعمال کی متعدد اشیا کا ایسا ذخیرہ ملا ہے جس نے محققین کو حیرت میں ڈال دیا۔ سمندر کی تہہ میں واشنگ مشینیں، فریج، فریزر اور کپڑے سکھانے والی مشینیں بکھری ہوئی دکھائی دیں۔

امریکی ادارے نیشنل اوشیانک اینڈ ایٹموسفیرک ایڈمنسٹریشن (NOAA) کی سمندری تحقیق کے دوران یہ اشیا سطح سمندر سے تقریباً 1.9 کلومیٹر نیچے دریافت ہوئیں۔

یہ مناظر 2017 میں ایک بحری جہاز کے ملبے کی تلاش کے دوران ریموٹلی آپریٹڈ وہیکل (ROV) کی مدد سے ریکارڈ کیے گئے تھے، جن کی ویڈیو اب منظر عام پر آئی ہے۔

جاری کردہ فوٹیج میں سمندر کی تہہ پر زنگ آلود گھریلو برقی آلات بڑی تعداد میں موجود دکھائی دیتے ہیں۔ ان میں فریج، فریزر، واشنگ مشینیں اور کپڑے خشک کرنے والی مشینیں شامل ہیں۔

تحقیق کے مطابق وقت گزرنے کے ساتھ ان آلات پر سمندری حیات نے بھی جگہ بنا لی ہے۔ بعض اشیا پر کورل اور دیگر چھوٹی سمندری مخلوقات موجود ہیں، جبکہ کچھ سمندری جاندار ان آلات کے اندر پناہ لیے ہوئے ہیں۔

محققین کے لیے یہ منظر اس لیے بھی غیر معمولی ہے کہ سمندر کی اتنی زیادہ گہرائی میں گھریلو استعمال کی اتنی بڑی تعداد میں اشیا کا موجود ہونا ایک حیران کن دریافت ہے۔ یہ منظر اس بات کی بھی عکاسی کرتا ہے کہ انسانی سرگرمیوں سے پیدا ہونے والا کچرا سمندری ماحول تک کس طرح پہنچ رہا ہے۔

Leave a reply