
ممبئی: بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کی ایک حالیہ ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے، جس میں ان کے دائیں ہاتھ پر نیل اور چند نشانات دکھائی دے رہے ہیں۔ ویڈیو سامنے آنے کے بعد مداحوں نے اداکار کی صحت کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ویڈیو میں سلمان خان سیاہ شرٹ، گہری سرمئی پینٹ اور سبز چشمے میں فوٹوگرافروں کے سامنے پوز دیتے دکھائی دیتے ہیں۔ بظاہر وہ خوشگوار موڈ میں نظر آ رہے ہیں، تاہم ان کے ہاتھ پر موجود نشانات نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کرلی۔
بعض صارفین نے ان نشانات کو ممکنہ طور پر طبی علاج یا ڈرپ لگنے کے بعد پڑنے والے نشان قرار دیا، تاہم اس حوالے سے کوئی مستند تصدیق سامنے نہیں آئی۔ نہ ہی سلمان خان یا ان کی ٹیم نے تاحال اس معاملے پر کوئی وضاحت جاری کی ہے۔
واضح رہے کہ سلمان خان کی صحت ماضی میں بھی خبروں کا موضوع رہی ہے۔ اداکار نے ستمبر 2025 میں اپنی طبی کیفیت کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وہ ٹرائی جیمینل نیورالجیا، برین اینیورزم اور آرٹیریووینس میل فارمیشن (اے وی ایم) جیسے طبی مسائل کا سامنا کرچکے ہیں۔
ٹرائی جیمینل نیورالجیا ایک اعصابی بیماری ہے جس میں چہرے کے مختلف حصوں میں شدید درد ہوسکتا ہے، جبکہ برین اینیورزم میں دماغ کی شریان کی دیوار کمزور ہوکر ابھر جاتی ہے۔ اے وی ایم میں دماغ کی شریانوں اور رگوں کے درمیان خون کی روانی کا معمول کا نظام متاثر ہوتا ہے۔
ماضی میں سلمان خان نے اپنے علاج کے حوالے سے بھی گفتگو کی تھی اور بتایا تھا کہ انہوں نے دماغی عارضے کے علاج کے لیے امریکا میں گاما نائف ریڈیو سرجری کروائی تھی۔
تاہم اداکار کی تازہ ویڈیو میں دکھائی دینے والے نشانات کو ان کی سابقہ بیماریوں سے جوڑنے کا کوئی مستند ثبوت موجود نہیں۔ اس لیے فی الحال ان کی صحت سے متعلق کسی نئی پریشانی کا نتیجہ اخذ کرنا قبل از وقت ہوگا۔
مداحوں کو اب سلمان خان یا ان کی ٹیم کی جانب سے وضاحت کا انتظار ہے۔









