
نیویارک: (ویب ڈیسک) امریکی خلائی ادارے ناسا کا خلائی جہاز وائجر 1 زمین سے ایک نوری دن کے فاصلے تک پہنچنے والا انسانی تاریخ کا پہلا خلائی مشن بن گیا ہے۔ تقریباً 49 سال سے خلا میں سفر کرنے والا یہ خلائی جہاز اب زمین سے 26 ارب کلومیٹر سے زائد فاصلے پر موجود ہے۔
وائجر 1 نے یہ تاریخی سنگ میل عبور کرکے انسان کی تیار کردہ سب سے دور پہنچنے والی شے ہونے کا اعزاز بھی برقرار رکھا ہے۔ ایک نوری دن اس فاصلے کو کہا جاتا ہے جسے روشنی 24 گھنٹوں میں طے کرتی ہے۔
ناسا نے وائجر 1 کو ستمبر 1977 میں خلا میں روانہ کیا تھا۔ اس کا بنیادی مقصد مشتری اور زحل سمیت نظام شمسی کے اہم سیاروں کا مطالعہ کرنا تھا۔ اس کے ساتھ وائجر 2 بھی تیار کیا گیا، جسے ایک ماہ بعد خلا میں بھیجا گیا۔
دونوں مشنز ابتدا میں صرف پانچ سال کے لیے بنائے گئے تھے، لیکن غیر معمولی کارکردگی کے باعث کئی دہائیوں سے سائنسی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ وائجر 1 نے 2012 جبکہ وائجر 2 نے 2018 میں سورج کے گرد موجود ہیلیوسفیئر کی حدود عبور کرکے بین النجمی خلا میں قدم رکھا تھا۔
زمین سے رابطے میں 48 گھنٹے لگتے ہیں
اتنے طویل فاصلے کے باوجود ناسا کا ڈیپ اسپیس نیٹ ورک وائجر 1 سے رابطہ برقرار رکھے ہوئے ہے۔ زمین سے بھیجا جانے والا ریڈیو سگنل خلائی جہاز تک پہنچنے میں تقریباً 24 گھنٹے لیتا ہے، جبکہ اس کا جواب واپس زمین تک آنے میں مزید 24 گھنٹے درکار ہوتے ہیں۔
اس طرح کسی ہدایت کے جواب کے لیے تقریباً دو دن انتظار کرنا پڑتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ خلائی جہاز کو چلانے والی ٹیم کو کئی فیصلے پیشگی منصوبہ بندی کے تحت کرنا پڑتے ہیں۔
توانائی میں کمی مشن کے لیے بڑا چیلنج
وائجر 1 کو فعال رکھنے میں سب سے بڑی رکاوٹ اس کے توانائی کے ذخائر میں مسلسل کمی ہے۔ اس کے تین ریڈیوآئسوٹوپ تھرمو الیکٹرک جنریٹر ابتدائی طور پر تقریباً 470 واٹ بجلی فراہم کرتے تھے، لیکن اب ان کی مجموعی پیداوار کم ہوکر تقریباً 210 واٹ رہ گئی ہے۔
خلائی جہاز کے پاس موجود 10 سائنسی آلات میں سے اب صرف دو فعال ہیں۔ ان میں ایک مقناطیسی میدانوں کا جائزہ لیتا ہے جبکہ دوسرا خلا میں چارج شدہ ذرات اور پلازما کی لہروں کا مطالعہ کرتا ہے۔
ناسا کے انجینئرز نے بجلی کی بچت کے لیے کچھ غیر ضروری نظام بند کرکے کم توانائی استعمال کرنے والے متبادل نظام فعال کیے ہیں۔ اس حکمت عملی سے تقریباً 10 واٹ بجلی بچانے اور مشن کی مدت میں مزید ڈھائی سال تک اضافہ کرنے کی امید ہے۔
وائجر 1 مزید کتنے عرصے تک کام کرے گا؟
سائنس دانوں کے لیے یہ پیش گوئی کرنا مشکل ہے کہ وائجر 1 کب تک زمین سے رابطے میں رہ سکے گا۔ اس کی توانائی مسلسل کم ہورہی ہے، تاہم انجینئرز بجلی کی بچت کے نئے طریقوں پر کام کررہے ہیں تاکہ اس تاریخی مشن کو زیادہ سے زیادہ عرصے تک جاری رکھا جاسکے۔
خلائی جہاز اس وقت تقریباً 61 ہزار کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کررہا ہے اور گلیز 445 نامی ستارے کی سمت بڑھ رہا ہے۔ اندازوں کے مطابق اسے اس ستارے کے قریب ترین مقام سے گزرنے میں تقریباً 40 ہزار سال لگیں گے۔
دوسری جانب وائجر 2 کے بھی 2035 کے آس پاس زمین سے ایک نوری دن کے فاصلے تک پہنچنے کی توقع ہے۔
انسانی تہذیب کا پیغام بھی خلا میں موجود
وائجر 1 اور وائجر 2 اپنے ساتھ گولڈن ریکارڈ بھی لے کر جارہے ہیں۔ یہ سونے کی تہہ چڑھی تانبے کی ڈسکیں ہیں جن میں زمین کی تصاویر، قدرتی آوازیں، موسیقی اور 55 زبانوں میں خیرمقدمی پیغامات محفوظ کیے گئے ہیں۔
ان ریکارڈز کا مقصد ممکنہ طور پر کسی غیر زمینی ذہین مخلوق کو زمین اور انسانی تہذیب کے بارے میں معلومات فراہم کرنا ہے۔
وائجر مشنز نے مشتری اور زحل کے چاندوں، مشتری کے چاند آئی او پر آتش فشانی سرگرمیوں اور زحل کے چاند ٹائٹن کے ماحول سے متعلق اہم دریافتوں میں کردار ادا کیا۔
اسی مشن کے دوران 1990 میں وائجر 1 نے زمین کی مشہور تصویر بھی حاصل کی، جسے ’’پیل بلیو ڈاٹ‘‘ کا نام دیا گیا۔ اس تصویر میں زمین خلا کی بے پناہ وسعت میں ایک چھوٹے سے نیلے نقطے کی مانند دکھائی دیتی ہے۔
سائنس دانوں کے مطابق وائجر مشنز کی اہمیت صرف ان کی دریافتوں تک محدود نہیں بلکہ یہ پہلی مرتبہ انسان کو نظام شمسی سے باہر بین النجمی خلا کے ماحول کا براہِ راست مطالعہ کرنے کا موقع فراہم کررہے ہیں۔









