دنیا میں مذہبی تاریخ بدلنے کو تیار! 2035 تک اسلام سب سے بڑا مذہب بننے کا امکان

0
1
دنیا میں مذہبی تاریخ بدلنے کو تیار! 2035 تک اسلام سب سے بڑا مذہب بننے کا امکان

واشنگٹن: معروف امریکی تحقیقی ادارے پیو ریسرچ سینٹر کے تخمینوں کے مطابق آئندہ برسوں میں دنیا کی مذہبی آبادی کے تناسب میں نمایاں تبدیلی آسکتی ہے، جس کے نتیجے میں 2035 تک مسلمانوں کی مجموعی تعداد عیسائیوں سے تجاوز کرنے کا امکان ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دنیا بھر میں مسلمانوں اور عیسائیوں کی آبادی میں اضافہ متوقع ہے، تاہم مسلمانوں کی آبادی میں اضافے کی رفتار نسبتاً زیادہ رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

تحقیقی اندازوں کے مطابق 2035 میں دنیا بھر میں مسلمانوں کی تعداد تقریباً 2 ارب 57 کروڑ جبکہ عیسائیوں کی آبادی 2 ارب 52 کروڑ تک پہنچ سکتی ہے۔ اس طرح اسلام دنیا کا سب سے زیادہ پیروکار رکھنے والا مذہب بن سکتا ہے۔

رپورٹ میں مسلمانوں کی آبادی میں اضافے کی بنیادی وجوہات میں شرح پیدائش کا زیادہ ہونا اور مسلم آبادی میں نوجوانوں کا تناسب زیادہ ہونا شامل کیا گیا ہے۔

پیو ریسرچ سینٹر کے تخمینوں میں پاکستان کی مسلم آبادی سے متعلق بھی اہم پیش گوئی کی گئی ہے۔ اندازہ ہے کہ 2070 تک پاکستان میں مسلمانوں کی تعداد تقریباً 46 کروڑ تک پہنچ سکتی ہے، جس کے بعد پاکستان دنیا کی سب سے بڑی مسلم آبادی والا ملک بن سکتا ہے اور انڈونیشیا کو پیچھے چھوڑ سکتا ہے۔

رپورٹ میں یہ امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے کہ مستقبل میں جمہوریہ کانگو عیسائی آبادی کے لحاظ سے امریکا سے آگے نکل سکتا ہے اور دنیا میں سب سے زیادہ عیسائی آبادی رکھنے والا ملک بن سکتا ہے۔

یہ اعداد و شمار مستقبل کے آبادیاتی رجحانات پر مبنی تخمینے ہیں، حتمی نتائج نہیں۔

Leave a reply