سانپ سیڑھی کا کھیل اور ہماری قومی سیاست

ہماری قومی سیاست شاید ایک بار پھر ایسی ہی انگڑائی لیتی نظر آنے لگی ہے جیسے عموماً لیتی رہی ہے۔ ہمارے ہاں انتخابی عمل مشکوک ہی رہا ہے۔ مشکوک عمل کے نتائج اور اس کے ذریعے قائم ہونے والی حکومتیں عموماً اپنا آئینی دورانیہ پورا نہیں کر پاتیں انہیں اپنی مدت پوری کرنے نہیں دیا جاتا رہا ہے۔ حکومت قائم ہوتے ہی اپنی مدت پوری کرنے کی جدوجہد میں لگ جاتی ہے، مقتدرہ کو حکمرانوں کی جگہ لینے والے خواہش مندوں کی کمی کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔بہت سے خواہش مند انہیں حکمران جماعت کی صفوں سے بھی دستیاب ہوجاتے ہیں اقتدار کا ایسا کھیل دہائیوں سے ایسے ہی جاری ہے۔ عمران خان کی حکومت 2022ء میں ایک عدم اعتماد کے ووٹ کے ذریعے ختم ہوئی تو شہبازشریف نے عنانِ اقتدار سنبھالی۔ اسمبلی نے بقیہ مدت پوری کی اور پھر2024ء میں نئے الیکشن منعقد کئے گئے۔ نتائج میں گڑبڑ کسی نے نہیں مانی۔ ہارنے والوں نے بھی اور جیتنے والوں نے بھی۔ بلاول بھٹو زرداری نے اچھے موڈ میں فارم47والے کا ذکر کر کے آئینہ دکھا یا تھا یہ الگ بات ہے کہ ایسے ہی الیکشنوں کے نتیجے میں صوبہ سندھ میں پیپلزپارٹی کی حکومت قائم ہوئی۔ پی ٹی آئی نے بھی ان انتخاب کے نتائج کو نہیں مانا حالانکہ انہی انتخابات کے نتیجے میں قائم ہونے والی قومی اسمبلی میں بیٹھتے بھی ہیں اور تنخواہیں بھی لیتے ہیں۔ اس کے باوجود اسے جعلی قرار دیتے ہیں،بہرحال مرکز میں شہبازشریف پیپلزپارٹی کے ساتھ حکمران ہیں۔ مسلم لیگ (ق) بھی شہباز شریف کے ساتھ، مسلم لیگ(ن) کی حکومت میں شامل ہے۔ ایم کیو ایم بھی شریک سفر ہے پنجاب میں مریم نوازشریف حکمرانی کا حق ادا کرنے میں مصروف ہیں۔ دوست ہوں یا دشمن، حامی ہوں یا مخالف، سب کھلی آنکھ سے یہ سب کچھ دیکھ سکتے ہیں اربوں روپے کے تعمیراتی و ترقیاتی منصوبے یہاں پنجاب میں مکمل کئے جا چکے ہیں اور کچھ پر پراگرس جاری ہے۔ دیگر صوبوں کی حکومتوں کے لئے مریم نواز کا پنجاب، قابل تقلید مثال ہے۔ اس بات کا اقرار دوست و دشمن سب کرتے ہیں۔ نوازشریف کی بیٹی پوری یکسوئی کے ساتھ حقِ حکمرانی ادا کررہی ہے۔ صوبہ پنجاب تعمیر و ترقی کی منازل طے کرتا چلا جا رہا ہے۔
شہبازشریف کی قیادت میں وفاقی حکومت قومی معاملات کو لے کر آگے بڑھ رہی ہے۔ ایران اور امریکہ و اسرائیل جنگ کے دوران گیس و تیل کی دستیابی کے حوالے سے ہماری حکومت کی کارکردگی مثالی ہے۔ کئی ممالک میں پٹرول کے حصول کے لئے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ طول قطاریں اور بلند قیمت کے ساتھ عوام شدید مشکلات کا شکار نظر آتے ہیں لیکن پاکستان میں ایسا نہیں ہوا۔اب تو پٹرول کی قیمتیں مسلسل کمی کا رجحان ظاہر کر رہی ہیں اس جنگ نے پاکستان کے عالمی وقار میں اضافہ کیا ہے۔ پاکستان نے جنگ رکوانے کے لئے امریکہ و ایران کے درمیان ثالثی کی ہے۔ اسلام آباد ڈیکلریشن کی صورت میں ایک ایسی دستاویز بھی معرض وجود میں آ گئی ہے جس پر فریقین نے دستخط بھی کر رکھے ہیں۔یہ پاکستان کا کارنامہ ہے کہ 45سالوں سے ناراض دو ممالک کو مذاکرات کی میزپر لا بٹھایا انہیں ایک دستاویز پر دستخط کرنے کے لئے آماہ کیا۔
سب سے اہم بات کہ پاکستان نے بھارت کو جنگ میں شکست فاش دی اس کا عسکری برتری کا جنون خاک میں ملایا۔یہ موجودہ شہباز شریف حکومت کے دور میں ہی ممکن ہوا ہے کہ عالمی چودھری ڈونلڈ ٹرمپ پاکستان کی اس فتح کا ڈھنڈورچی بنا ہوا ہے وہ ہر فورم پر رافیل کے گرائے جانے کا ذکرکرتا ہے اور جنگ رکوانے کا کریڈٹ بھی لیتا ہے۔ بھارت اس وقت عالمی تنہائی کا شکار ہو چکا ہے اسے کوئی بھی ملک سوائے اسرائیل والے نیتن یاہو کے منہ لگانے کو تیار نظر نہیں آ رہا، ویسے اب نیتن یاہو الیکشن میں شکست کھا چکا ہے۔ پاکستان کا قبال بلند ہے شہبازشریف اور مقتدرہ کے درمیان معاملات بظاہر اچھے بلکہ بہت اچھے چلتے نظر آ رہے ہیں،ایسے میں سسٹم ری سیٹ کرنے کی باتیں، نظام کے ناکام ہونے کی گفتگو اور ن لیگ و پیپلزپارٹی کو چلتا کرنے کی باتیں، سمجھ میں نہیں آتیں۔ ہمارے ہاں 70ء کے بعد ہونے والے ہر انتخاب پر عدم اعتماد کا اظہار کیا جاتا رہا ہے پہلے تو صرف ہارنے والے ایسی ویسی باتیں کرتے تھے اب تو جیتنے والے بھی وہی باتیں کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ حکمران اتحاد کے لوگ نظام کی ناکامی کی باتیں کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ مریم نواز۔سالک لفظی جنگ کا کیا مطلب ہے پنجاب حکومت کرپشن کی باتیں چہ معنی دارد۔ رشوت اور کرپشن کا زہر نچلے درجے تک چھا چکا ہے۔ یہ مرض پورے پاکستان میں پھیلا ہوا ہے، اس کا کسی پارٹی یا حکومت سے تعلق نہیں ہے۔ حکمرانوں کا کام اس کا تدارک کرنا ہوتا ہے اس کی باتیں کرنا نہیں۔ ہماری مقتدرہ شروع سے ہی اسے سیاسی ہتھیار کے طور پر اپنے مخالفوں کو دھمکانے کے لئے استعمال کرتی رہی ہے۔ 1958ء کے مارشل لاء کے نفاذ کے بعد مخالف سیاستدانوں پر جس طرح کے الزامات عائد کئے گئے آج بھی اسی قسم کے بیانات کے ذریعے ہی مخالفین کو دھمکایا جاتا ہے،پھر تھوڑا ہی عرصہ گزرنے کے بعد رخصت کرنے کی باتیں شروع ہوجاتی ہیں وہی گھسے پٹے الزامات کو آگے بڑھایا جاتا ہے۔ مخالفین کو حکومت پر چھوڑا جاتا ہے نئے پرانے چہروں کو جوڑ کر ایک نیا چہرہ، ایک نئی حکومت،ایک نیا نظام تشکیل دیا جاتا ہے جو تھوڑے ہی عرصے کے بعد اپنی اہمیت کھوجاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کوئی بھی حکومت اپنا عرصہ اقتدار پورا نہیں کر پاتی۔ نظام کمزور سے کمزور ہوتا چلا جاتا ہے اب جو کچھ ہو رہا ہے معاشی مسائل گمبھیر ہیں۔سیاسی انتشار ہے،اپنے حال پر کسی کو یقین نہیں ہے مستقبل تاریک نظر آتا ہے لاکھوں نوجوان ملک چھوڑ کر جا رہے ہیں، قومی معاملات کو چلانے کے لئے درکار کارآمد افراد کی کمی محسوس کی جا رہی ہے۔ ہمارے معاملات کب ٹھیک ہوں گے سانپ سیڑھی کا کھیل کب ختم ہوگا ؟









