ٹرک کی بتی کے پیچھے لگے پاکستانی عوام

پاکستان میں ٹرک کی بتی ایک عوامی فقرہ نہیں بلکہ ہماری اجتماعی سیاست معیشت حکمرانی اور قومی نفسیات کا ایک ایسا آئینہ ہے جس میں صرف اپنا چہرہ ہی نظر آتا ہے۔ ٹرک کی بتی ایک ایسی اُمید وعدہ اور خواب ہے جس کی منزل کا کچھ پتہ نہیں مگر پیچھے چلنے والا سمجھتا ہے کہ بس منزل قریب ہے جبکہ آگے چلنے والا جانتا ہے کہ سفر جتنا طویل ہوگا اتنا ہی اس کا فائدہ ہو گا۔ 14 اگست 1947ء کو برصغیر کے مسلمانوں نے رات کے اندھیرے میں ٹرک کی ایک بتی دیکھی اور اس کے پیچھے چل پڑے۔ کچھ نے بے بسی یا مجبوری سے بھارت کو ہی اپنا دیس بنا لیا مگر گھر آج تک نہیں بنا سکے۔ لاکھوں اس کٹھن اور پُرخطر سفر میں عزت، جان اور مال سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ ٹرک کی جس بتی کے پیچھے عوام نے اتنی جانی و مالی قربانیاں دیں اس کے سات ڈرائیور پہلے 10 سال میں بدلے گئے۔ بتی تو چلتی رہی، مگر سمت کا تعین نہ ہو پایا۔
پھر اگلے 14 سال ٹرک کی بتی عسکری رنگ میں ڈھل گئی اس پر تیر کا نشان چسپاں کر دیا گیا۔ سامنے اور پچھلے بمپر پر واضح طور پر ایل لکھ دیا گیا، یعنی ڈرائیور سیکھ رہا ہے اس لئے ڈرائیور کسی بھی ذمہ داری سے مبرا ہے۔
اس دور کو ترقی کا عشرہ قرار دیا گیا لیکن ترقی کے ثمرات کی تقسیم میں مشرقی پاکستان کے ساتھ محرومی سیاسی نمائندگی اور معاشی عدم مساوات جیسے سوالات اپنی جگہ پر موجود رہے۔ درحقیقت مشرقی پاکستان ترقی کے اس ٹرک میں اپنی نشست ہی تلاش کرتا رہ گیا۔ اس ان سیکھے ڈرائیور کی فنی مہارت اور تیز رفتاری حادثے کا باعث بنی اور 24 سال بعد ٹرک کی باڈی دو ٹکڑے ہو گئی۔ پھر ایک حصے کو سمندر برد کر کے دوسرے کو انجن سے جھوڑ کر نئی بتی لگا دی گئی اور عوام پھر اس تراشے ٹرک کی بتی کے پیچھے چلنا شروع ہو گئے۔
ذوالفقار علی بھٹو نے اس نیم فوجی بتی کو جمہوری رنگ دینے کی بھرپور کوشش کی مگر حکمت عملی کے فقدان اور فطری غرور نے اسے پھانسی کے پھندے تک پہنچا دیا اور عوام کو روٹی کپڑا اور مکان کا صرف وعدہ ہی ملا مگر مہنگائی نے آٹے کی بوری کو بھی سیاسی موضوع بنا دیا۔پھر اگلے 11 سال پاکستان کی سڑکوں پر ٹرک کی یہ بتی اسلامی رنگ میں ڈھل گئی۔ مذہبی افکار کی روشنی اور جہاد کے نور نے بتی کا رنگ بھی سبز کر دیا جس نے آہستہ آہستہ معاشرتی اور سماجی جڑوں کو کمزور کرنا شروع کر دیا۔
عسکری ڈرائیور نے نظم و ضبط اور اسلامی نظام کے نفاذ کا نعرہ بلند کیا مگر افغانستان کی جنگ امریکی امداد افغان جہاد مذہبی سیاست اور معاشرتی تبدیلیوں نے پاکستان کے سیاسی و سماجی ڈھانچے پر گہرا اثر ڈالا یوں عوام کو ایک ایسی بتی دکھائی گئی جس کی روشنی بہت تیز مگر اس کے سائے بھی غیر معمولی طور پر گہرے تھے۔اچانک ٹرک ڈرائیور ایک حادثے میں چل بسے اور اگلے 10 سال دو حکمران خاندان چار مرتبہ اس سبز بتی کے اردگرد طواف کرتے نظر آئے۔ پاکستانی عوام کی حالت تو نہ بدلی مگر ان خاندانوں کی اپنی ذاتی دولت میں اَنگنت اضافہ ہوا۔ باریوں کا یہ سلسلہ جاری تھا کہ دنیا کے چودھری کو پھر ہمارے ٹرک کی ضرورت پڑ گئی۔ اگلی ایک دہائی میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کرتے ہوئے ہمارے اس پاکستانی ٹرک نے اَنگنت لاشیں اٹھائیں اور یہ سلسلہ آج تک جاری ہے۔اس دوران ملک میں روشن خیالی جدید میڈیا کی آزادی اقتصادی ترقی غیر ملکی سرمایہ کاری اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کا چورن بیچا گیا۔ عالمی حالات نے پاکستانی کی افادیت کو ایک بار پھر ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا اور دوبارہ وہی دو سیاسی خاندان ٹرک میں سوار ہو گئے۔
جمہوریت کا تسلسل اٹھارویں ترمیم توانائی کے منصوبے موٹرویز، میٹرو بسوں، سی پیک اور معاشی ترقی کی بتی دِکھائی گئی مگر ساتھ ہی عالمی قرضوں توانائی کے گردشی قرضوں ادارہ جاتی کمزوریوں کرپشن سیاسی بدانتظامی اور اصطلاحات کی کمی نے ان اُمیدوں پر بھی پانی پھیر دیا۔پھر عمران خان نے قوم کو نئی بتی کے پیچھے لگایا قوم کو نیا پاکستان کرپشن کے خاتمے ریاست مدینہ، میرٹ اور احتساب کی بتی کے پیچھے لگا دیا مگر مہنگائی معاشی دباؤ سیاسی محاذ آرائی اور اداروں کے تعلقات کی کشیدگی نے اس خواب کو ایک نئے سیاسی بحران میں بدل دیا تاہم عوام کو یہ محسوس ہونے لگا کہ یہ وہ روشنی نہیں جو راستہ دکھاتی ہے بلکہ یہ ٹرک کی بتی ہے یہ منزل کا راستہ نہیں دکھاتی بلکہ صرف اپنے پیچھے چلانے کے لئے ہے۔
اس عوامی شعور کے بیدار ہونے پر عالمی اور ملکی حقیقی طاقتوں نے حالات کا جائزہ لیا اور ڈرائیور کی تبدیلی عمل میں لائی گئی اور اس ہائبرڈ ٹرک کی بتی کے پیچھے لگنے کے لئے نئے قواعد بنائے گئے ہیں۔ اب اس بتی کے پیچھے لگے لوگوں کے جھوٹے پولیس مقابلے ہوتے ہیں زیر حراست ہلاکتیں ہوتی ہیں اور ماورائے عدالت قتل کے واقعات طرزِ حکمرانی کو ظاہر کرتے ہیں۔ قانون سے بالاتر اقدام شہریوں میں تحفظ اور خوف کے درمیان فرق کو ختم کرتے جا رہے ہیں۔ آئین کی آخری پناہ گاہ عدلیہ کی آزادی ہوتی ہے عدلیہ کی بے توقیری تنقید سے نہیں ہوتی اصل نقصان اس وقت ہوتا ہے جب عدالتی فیصلوں پر عمل نہ ہو۔آج کے پاکستان میں قومی سلامتی اور شہری حقوق کو ایک دوسرے کی ضد بنا دیا گیا ہے ایک قانون کو مختلف سیاسی گروں کے لئے مختلف طریقے سے استعمال کیا جاتا بے۔ اس بتی کے پیچھے آنے والی اخلاقی اوازوں کو دبانے کے لئے جو قانونی اور انتظامی ذرائع استعمال ہو رہے ہیں وہ خود میں ایک مثال ہیں۔ اس ٹرک کی بتی نے ملک میں سیاسی آزادیوں بنیادی انسانی حقوق اور عدلیہ کی خود مختاری پر کچھ اس طرح کی ضرب لگائی ہے کہ اس سے سیاسی اختلاف کا نتیجہ قرار دینا ناانصافی ہو گا تاہم2024ء کے انتخابات سیاسی تنازعات معاشی اصطلاحات ائی ایم ایف پروگرام اور ایران جنگ نے پاکستان کو ایک بار پھر نااُمیدی اور بے یقینی کے دوراے پر کھڑا کر دیا ہے۔ آج بھی عوامی سطح پر بے روزگاری، قوت خرید، غربت اور مہنگائی بدستور بنیادی سوال ہیں۔
ہم نے 78 سالوں میں کبھی حقیقی ترقی، کبھی اسلامی نظام اور کبھی جمہوریت احتساب، یا پھر خوشحالی کے ٹرک کی بتی کے پیچھے دوڑتی قوم کو دیکھا ہے۔ معاشی میدان میں کبھی غیر ملکی امداد کی بتی آئی ایم ایف کی بتی سی پیک کی بتی ڈالروں کی بتی اور کبھی برآمدات کی بتی۔ ہماری معیشت بھی ٹرک کی بتی کے پیچھے چل رہی ہے۔ہر حکمران آنے والا پچھلے ٹرک کی بتی بجا کر اپنی بتی روشن کرتا ہے قوم تالیاں بجاتی ہے اور پھر وہی قوم روزگار انصاف اور مہنگائی کے سوالات اٹھاتی ہے۔ پاکستان کا سب سے بڑا مسلہ صرف یہ نہیں ہے کہ 78 سال سے عوام کو ٹرک کی بتی دکھائی گئی ہے المیہ یہ بھی ہے کہ ہر نئی بتی کو دیکھ کر ہم پرانی منزل بھلا دیتے ہیں۔ کبھی ٹرک بدلتا ہے کبھی بتی بدلتی ہے اور کبھی ڈرائیور بدل جاتا ہے۔ بنیادی سوال یہ ہے کہ کب تک پاکستانی قوم ٹرک کی بتی کے پیچھے لگی رہے گی۔شاید اب وقت آ گیا ہے کہ پاکستانی قوم ٹرک کی بتی کے پیچھے چلنے کی بجائے ڈرائیور سے سوال کرے کہ منزل کہاں ہے؟ راستہ کون سا ہے؟ سفر کا خرچ کون ادا کرے گا؟ اس ٹرک میں عوام کی کتنی نشستیں ہیں؟ اور سب سے اہم کیا ڈرائیور کو واقع ہی منزل کا پتہ ہے کہ نہیں؟آخر کیوں اِس ملک میں معاشی،سیاسی اور معاشرتی استحقام اور ترقی کی تعریف ہر حکمران کے ساتھ بدلتی ہے اور عوام کی منزل بھی آگے سرک جاتی ہے؟









