ریڈیو اور ٹیلی ویژن حکومتی توجہ کا طلب گار

ریڈیو اور ٹیلی ویژن حکومتی توجہ کا طلب گار

تحریر:محمد افضل عاجز

دنیا بھر میں فن و ثقافت کے مختلف رنگوں کو بطور ہتھیار بھی استعمال کیا جاتا ہے اور یہ وہ ہتھیار ہے جو مختلف اقوام کے درمیان تعارف کا سبب بنتا ہے یہ ہتھیار دلوں کے درمیان محبت و احترام کو پروان چڑھاتا ہے پاکستان کی اگر بات کی جائے تو یہاں کے فنکاروں نے دنیا بھر میں پاکستان کیلئے بہت شاندار خدمات پیش کی ہیں استاد نصرت فتح علی خان مرحوم نے موسیقی کے ذریعے پاکستان کو جو اونچائی دلائی کیا وہ قابل تحسین نہیں ہے…….؟
ان سے پہلے استاد سلامت علی خان مرحوم نے کلاسیکی موسیقی کے حوالے سے پورے ہندوستان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ان کی سب سے بڑی گلوکارہ لتا مینگیشکر کو ان کے پاؤں میں بیٹھ کے دل ہارتے ہوئے دیکھا گیا وہاں کے ایک حکمران نے سرد آہ بھرتے ہوئے کہا ہمارے پاس سب کچھ ہے مگر استاد سلامت علی خان نہیں ہے یہ کمی ہمیں ہمیشہ پریشان رکھے گی پاکستانی خوش قسمت ہیں کہ ان کے پاس سلامت علی خان ہیں اور پھر لتا مینگیشکر نے جب غزل گائیک مہدی حسن کو سنا تو انہیں ان کے گلے میں بھگوان نظر آنے لگا غزل گائیک غلام علی فدا حسین لوک گلوکار شوکت علی مرحوم موسیقار استاد نذر حسین بخشی وزیر کس کس کا نام لوں، جن کے کام نے انہیں اتنا متاثر کیا کہ نہ صرف ان کے کام کو سنا بلکہ ان کی سروں سے نیے سر بھی تلاش کیے اس وقت بھی ہندوستان بالخصوص پنجاب اور بالی وڈ انڈسٹری میں پاکستانی میوزک کی ڈیمانڈ سب سے زیادہ ہے وہاں کے گلوکار ہمارے گلوکاروں کے گائے ہوے گیتوں کو گا کے اپنی محفلوں کو گرماتے ہیں ان دنوں بھی ہندوستان کے گلوکار اور عوام ایک پاکستانی سرائیکی گیت.. چھلڑے چھلڑے وال. کے سحر میں مبتلا ہیں ان کے بڑے چھوٹے سبھی گلوکار یہ گیت اپنی محفلوں میں گا رہے ہیں جن میں گلوکارہ سنندا شرما اور ان کے سب سے بڑے پنجابی گلوکار دلجیت دو سانج بھی شامل ہیں یہ وہی دلجیت دوسانج ہیں جنہوں نے گزشتہ ماہ لندن کے سب سے بڑے ہال میں ایک لاکھ کے قریب سامعین کے سامنے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کے مایئکل جیکسن کا ریکارڈ برابر کردیا یہاں سے اندازہ لگائیں کہ جس ملک کے فنکار دنیا میں اسقدر پسند کئیے جاتے ہیں وہاں کے فنکار ہمارے ملک کے فنکاروں کی نقالی کرتے ہوئے اپنے فن کو آگے بڑھاتے ہیں جو یقیناً ہمارے ملک کے لیے فخر کی بات ہے لیکن جو بات کہنا چاہتا ہوں وہ یہ ہے کہ ایسے انمول فنکار ہمیں ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے ذریعے ملے ہیں انہی اداروں نے ان فنکاروں کو دنیا بھر میں لوگوں تک پہنچایا یہی وہ ادارے ہیں جو حکومتی سرپرستی میں ملک کے کونے کونے سے باصلاحیت فنکار وں کو ڈھونڈ ڈھونڈ کر سامنے لاتے رہے موسیقی شعر وادب ڈرامہ تینوں شعبوں میں ان دو اداروں نے شاندار خدمات پیش کیں فلم کی بات کی جائے تو پرائیویٹ سیکٹر میں انہوں نے بھی لازوال کردار ادا کیا مگر بدقسمتی سے فلم انڈسٹری اپنا وجود برقرار نہ رکھ سکی جو کہ فن وثقافت کیلئے بہت نقصان دہ ثابت ہوا لیکن حکومتی سرپرستی میں چلنے والے اداروں کو تو چلتے رہنا چاہیے تھا کیونکہ ان اداروں کے ذریعے پاکستان کا ثقافتی چہرہ دنیا کے سامنے آتا تھا ہر شعبے میں ایسے ایسے فنکار سامنے آتے تھے جو دنیا بھر میں اپنے لیے ہی نہیں ملک کیلئے بھی مْحبتیں سمیٹتے تھے افسوس کہ اب ریڈیو اور ٹیلی ویژن جیسے ادارے محض عمارتوں کی حد تک نظر آتے ہیں اور ان عمارتوں کے اندر بیٹھے لوگ کام نہ ہونے کی وجہ سے بیکار بیٹھے رہتے ہیں یہ کام کرنا چاہتے ہیں مگر فنڈ نہ ہونے کی وجہ سے یہ کسی بھی طرح کی پروڈکشن کر ہی نہیں سکتے مگر خاموش ہیں کیونکہ سرکار کی پالیسی کے تابع ہیں سرکار اگر ان اداروں کو محض بلڈنگز تک محدود رکھنا چاہتی ہے تو پھر کوئی سرکاری ملازم کیسے بول سکتا ہے یا کیا کرسکتا ہے اس حوالے سے میاں نواز شریف کو نوٹس لینا چاہیے کیونکہ وہ جب وزیراعظم تھے تو انہوں نے معروف مزاح نگار اور شاعر عطاء الحق قاسمی کو پی ٹی وی کا چیرمین بنایا تو ٹیلی ویژن کے چاروں مراکز سے مختلف پروگرامز شروع کر دیے گئے تھے ہر سٹیشن پر میوزک ڈرامے سٹیج شو نوجوانوں کیلئے پروگرامز دیگر پروگراموں کو شروع کردیا گیا تھا جس سے ان اداروں کی بلڈنگز میں روشنی پھیلنے لگی وہ لوگ جو پرائیویٹ چینلز کی چیخ پکار سے تنگ آچکے تھے انہوں نے دوبارہ سے پاکستان ٹیلی ویژن کی سکرین سے تعلق بنانا شروع کردیا مگر نواز شریف جونہی اقتدار سے باہر ہوئے پی ٹی وی کی سکرین بھی اجڑ گئی عمران خان کے پورے دور میں یہ سکرین خالی رہی اب جبکہ ایک بار پھر شریف فیملی کے شہباز شریف وزیراعظم ہیں تو نواز شریف کو چاہیے کے وہ وزیراعظم کو پاکستان ٹیلی ویژن اور ریڈیو کو دوبارہ اپنے کردار کی ادائیگی کیلئے کہیں کیونکہ یہ دونوں ادارے قومی وقار کی علامت ہیں ان اداروں کے زریعے پاکستان کا مسکراتا ہوا چہرہ دنیا کے سامنے چمکتا ہوا دکھائی دیتا تھا ان اداروں کے ذریعے شعر ادب میوزک اور ڈرامے پوری دنیا میں پاکستان کی پہچان تھے کیا یہ بھی ہمارے ملک کیلئے کم اعزاز کی بات ہے کے آج بھی ہندوستان میں اداکاری کو سیکھنے اور سمجھنے کیلئے پاکستانی ڈرامہ دکھایا جاتا ہے اور انہیں بتایا جاتا ہے کہ ڈرامہ کیا ہوتا ہے اور ادکاری کیا ہوتی ہے وزیراعظم شہباز شریف سمیت ان کے خاندان کے اکثر لوگ میوزک سے دلچسپی رکھتے ہیں اور اپنی گھر کی محفلوں میں نغمہ سرائی بھی کرتے ہیں شاید یہی وجہ ہے کے پنجاب میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف صاحبہ نے فلم انڈسٹری کی دوبارہ بحالی کے لیے کروڑوں روپے فنڈ مہیا کئے ہیں اور فلموں کو مزید بہتر بنانے کیلئے فلم سٹی کا قیام بھی عمل میں لایا جہاں مختلف ترقیاتی کاموں پر توجہ دی جا رہی ہے تو ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی ویژن دونوں وفاق کے ادارے ہیں تو وزیر اعظم شہباز شریف ادھر بھی توجہ دیں موسیقی شاعری اور ڈرامے کو تو وہ بھی پسند کرتے ہیں تو یہ دونوں ادارے ان کی نظروں سے اوجھل کیوں ہیں،انہیں فنڈ کیوں نہیں دیا جا رہا……؟

Leave a reply