اب دویات کی قیمتوں میں دو ہزار فیصد اضافہ؟

اب دویات کی قیمتوں میں دو ہزار فیصد اضافہ؟

تحریر:میاں اشفاق انجم

مہنگائی کا طوفان کہہ لیں،سونامی کہہ لیں،سب فقرات سچ ثابت ہو رہے ہیں ہمارے ہاں یہ بات بڑی یکسوئی سے مشہور ہے جو چیز ایک دفعہ مہنگی ہو جائے دوبارہ پرانی قیمت پر آنا ممکن نہیں۔ پٹرولیم مصنوعات سے لیکر درجنوں روزمرہ کی اشیاء ایسی ہیں جن کی قیمتیں ڈبل یا ٹرپل ہو چکی ہیں اسی طرح سبزیاں، فروٹ ہیں جن کے ریٹس موسم کے حوالے سے کم زیادہ ہوتے رہتے ہیں مگر وفاقی وزیر صحت سابق میئر کراچی مصطفی کمال کے بیان نے کم از کم مجھے ہلا کر رکھ دیا ہے جس میں موصوف فرماتے ہیں دوائیاں بنانے والی50 سے زائد کمپنیوں نے دو ہزار فیصد اضافہ کر دیا ہے۔ میں نے روزنامہ ”پاکستان“ سمیت دیگر اخبارات میں خبر پڑھی یقین نہیں آیا۔ دوبارہ پڑھی پھر چیک کیا، خبر فیک تو نہیں ہے بڑی ذمہ دار ایجنسیوں کی طرف سے خبر شائع ہوئی تھی خبر بھی ہمارے دارالخلافہ اسلام آباد سے جاری ہوئی تھی جہاں وفاقی وزیر صحت سید مصطفی کمال نے فرمایا دوائیاں بنانے والی50کمپنیوں نے دو ہزار فیصد قیمتیں بڑھا دی ہیں۔ تھرڈ پارٹی آڈٹ میں نشاندہی ہوئی ہے دو ہزار فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے وزیر موصوف فرماتے ہیں 2022ء کے بعد کمپنیوں کو نان اینٹی بائیوٹک ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی اجازت دی تھی بہت سی کمپنیوں نے اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے خود ہی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ کر لیا ہے ان تمام کمپنیوں کو شوکاز نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔ حکومت نے ایک کمیٹی بنا دی ہے جس کے سربراہ وزیر خزانہ ہیں دوائیوں کی قیمتوں میں اضافے کا جائزہ کمیٹی لے گی اور فیصلہ بھی کرے گی اُن کا کہنا تھا سندھ بزنس کمیونٹی کی مجبوری ہے وہ سندھ حکومت پر تنقید نہیں کر سکی ان کو ڈر ہے جو کام ہو رہا ہے وہ بھی رُک نہ جائے۔ نئے انتظامی یونٹس کا بلیو پرنٹ سسٹم چلانے والوں کے پاس ہو گا میرے پاس نہیں ہے۔ مسلم لیگ(ن) بھی راضی ہے اُن کی خاموشی کو رضا مندی سمجھیں گے ملک کے مسائل کا حل اور ریاست کی سوچ اب الائین ہو چکی ہے نئے انتظامی یونٹ پر بات بہت آگے بڑھ چکی ہے متعلقہ حلقوں میں سنجیدگی سے دیکھا جا رہا ہے۔ سنجیدہ معاملہ ہے سنجیدگی سے حل کرنے کی طرف بڑھ رہے ہیں وزیر موصوف کا کہنا ہے یہ کام بہت پہلے ہو جانا چاہئے تھا۔ ہم جتنی دیر لگائیں گے اتنی پریشانی ہو گی۔انہوں نے کہا ایسا ہرگز نہیں ہے کسی کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگایا جا رہا ہے بعض لوگوں کی تلخی سے اندازہ لگائیں ان کو انتظامی یونٹس سے کتنی تکلیف ہو رہی ہے سب کو پتہ ہے ملک میں یہ ہونے جا رہا ہے۔ وزیر فرماتے ہیں کراچی میں نادرن بائی پاس ڈبل ہو رہا ہے۔ کراچی، حیدر آباد موٹروے بنے گی۔ سکھر موٹروے پر اس سال کام شروع ہو جائے گا، فرماتے ہیں ملک میں مہنگائی بڑھ رہی ہے بلکہ ہر چیز کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے اس لئے دوائیوں کی قیمتیں بھی بڑھ رہی ہیں۔ اگر ادویات کی قیمتیں نہیں بڑھائیں گے تو کون سرمایہ کاری کرے گا۔ جان بچانے والی ادویات میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے اب حکومت کو اپنے اینڈ پر کچھ کرنا ہو گا کینسر کی دوا ہے اس کی مطلوبہ ضرورت کے مطابق اس کی قیمت نہیں بڑھی،دوا مارکیٹ سے غائب ہے۔ وفاقی وزیر صحت کا بیان پورا اس لئے بار بار پڑھا اور تحریر کر رہا ہوں پہلے حصے میں فرماتے ہیں 50کمپنیوں نے دو ہزار فیصد اضافہ کر لیا ہے۔ 2022ء میں دی گئی اجازت کو جواز بنا کر اسی فیصلے کی آڑ میں کیا گیا ہے۔ ساتھ فرماتے ہیں تھرڈ پارٹی تحقیقاتی ادارے کے آڈٹ سے انکشاف ہوا ہے، تقریر کے آخر میں دوسری بات فرما رہے ہیں، مہنگائی بڑھی ہے ہر چیز کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے ادویات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہو گا تو سرمایہ کاری کون کرے گا۔ ساتھ وزیر صاحب نے کینسر کے مرض کی دوا کی مثال دی اور کہا اس کی مطلوبہ قیمت کم ہے مارکیٹ سے غائب ہے۔قیمتوں کے کنٹرول اور ضروری ادویات کی قیمتیں بڑھانے کے لئے حکومت کو کچھ کرنا ہو گا۔
وزیر موصوف کی دوعملی پر مبنی تقریر نے کم از کم مجھے چکرا کر رکھ دیا ہے۔ایک طرف دو ہزار فیصد قیمتیں بڑھانے کا اعتراف کرتے ہوئے آڈٹ رپورٹ کی تصدیق بھی کر رہے ہیں اور ساتھ ہی ادویات کی قیمتوں میں اضافے کو ضروری سرمایہ کاری بھی قرار دے رہے ہیں ان کی دوعملی اور دوہرے معیار کا کیسے اور کن سے رونا رویا جائے۔عوام کو کس گھن چکر میں ڈال رکھا ہے حقائق کیوں چھپائے جا رہے ہیں عوام کے استعمال کی ادویات یا روز مرہ استعمال کی اشیاء، ان کی قیمتوں پر حکومت کا کنٹرول کیوں نہیں ہے اِس میں کوئی دو آراء نہیں کہ دنیا بھر میں مہنگائی کی لہر ہے پاکستان بھی اس کی زد میں ہے لیکن پانچ روپے والا پینا ڈول کا پتہ40روپے میں فروخت ہو رہا ہے ایک دوائی 40روپے کی ڈبی یعنی 10گولیاں تھیں۔گزشتہ روز 440 میں خریدی ہیں بات ادویات تک نہیں رہی، صحت میں آدمی کے لئے حکومت کا کوئی ریلیف نہیں ہے البتہ خبروں اور اشتہارات تک بہت کچھ ہو رہا ہے۔ سرکاری ہسپتالوں کی کسمپرسی اپنی جگہ پر قائم ہے اور پرائیویٹ ہسپتالوں کی لوٹ مار اور ڈاکٹر کی من مانیاں اپنی جگہ قائم ہیں۔آج کے کالم کو میڈیسن کی قیمتوں میں اضافے اور ذاتی دُکھ تک محدود رکھنا چاہتا ہوں۔سرکاری ہسپتالوں کے بارے میں بہت کچھ لکھا اور نشر کیا جا رہا ہے البتہ پرائیویٹ ہسپتال، پرائیویٹ سکولز کی طرح نئی صنعت کی صورت میں سامنے آ چکی ہے تعلیم کی طرح صحت بھی تجارت بن کر میدان میں، اس پر انشاء اللہ بڑے مواد کے ساتھ اگلے کالم تک اجازت۔

Leave a reply