فرانس میں پرتشدد مظاہرے، مختلف علاقوں میں جزوی کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ

0
0
فرانس میں پرتشدد مظاہرے، مختلف علاقوں میں جزوی کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ

فرانس میں پرتشدد مظاہروں، ہنگامہ آرائی اور لوٹ مار کے واقعات کے بعد حکومت نے امن و امان کی صورتحال قابو میں رکھنے کے لیے بعض علاقوں میں جزوی کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

فرانسیسی وزیرِاعظم سیبسٹین لیکورنو نے اعلان کیا ہے کہ مقامی حکام کو آج شام سے ضرورت کے مطابق پابندیاں عائد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت شہریوں کے تحفظ اور امن و امان کی بحالی کے لیے پُرعزم ہے۔

وزیرِاعظم کے مطابق، اگر حالات نے تقاضا کیا تو ہنگامی حالت کے نفاذ پر بھی غور کیا جاسکتا ہے، تاہم فی الحال محدود علاقوں میں جزوی کرفیو کو زیادہ مناسب سمجھا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پورے پیرس میں کرفیو نافذ کرنیکا کوئی منصوبہ نہیں۔ لیکن یہ نہیں بتایاگیا کہ کن شہروں یا علاقوں میں پابندیاں لگائی جائیگی۔

ادھر وزیرِ داخلہ لوران نونیز نے کہا ہے کہ پیرس سینٹ جرمین اور بارسلونا کے درمیان منگل کو شیڈول فٹبال میچ منسوخ کرنے کا فی الحال کوئی ارادہ نہیں۔

دوسری جانب فرانس کے بڑے شہروں کے میئرز نے حالیہ بدامنی کے بعد سکیورٹی انتظامات پر سوالات اٹھاتے ہوئے حکومت سے وضاحت طلب کی ہے۔ ملک میں طلبہ کے جاری احتجاج کے دوران بھی کشیدگی اور تشدد کے واقعات سامنے آتے رہے ہیں۔

حکومت کو اب امن و امان کی بحالی کے ساتھ عوامی سرگرمیاں معمول پر لانے کا چیلنج درپیش ہے۔

Leave a reply