نئے صوبے، مگر کیوں؟

نئے صوبے، مگر کیوں؟

تحریر:چوہدری خادم حسین

یہ تو سبھی کہتے ہیں کہ ملک معاشی اور اقتصادی مسائل میں گھرا ہونے کے علاوہ دہشت گرد ی اور حریف بلکہ دشمن ہمسایوں کی شرارتوں سے نبردآزما ہے اور دہشت گردوں سے رزم آرائی ہو رہی ہے۔ ریاست کی بقاء کے لئے ہماری مسلح افواج اور سیکیورٹی ایجنسیزبھارتی حمائت یافتہ خوارج سے نمٹ رہی ہیں جو افغان طالبان رجیم کے تعاون سے ہمار ے ملک کے اندر تخریب کاری کرتے ہیں۔ ان حالات کا تقاضا ہے کہ پوری قوم متحد ہو، کم از کم ہم سب فروعی مسائل سے توجہ ہٹا کر قومی جذبے کے ساتھ اس فتنے کا مقابلہ کریں کہ ان سے نجات ہو اور ہم بھی سکھ چین کی روٹی کھا سکیں لیکن دُکھ کا مقام ہے کہ ہمارے رہنما (سیاستدان) ان حقائق کو نظر انداز کرتے ہوئے ایسے مسائل کو زیر بحث لا رہے ہیں جو نان ایشو ہیں اور ان کے فوری حل کی بھی کوئی ضرورت نہیں۔ان دنوں جبکہ وفاقی دارالحکومت میں قومی سلامتی پر مشاورت ہو رہی ہے اور کوشش کی جا رہی ہے کہ ایسی صورت پیدا ہو جس سے اہم قومی مسائل پر قومی اتفاق رائے پیدا ہو سکے لیکن بعض حضرات اس وقت بھی نئے صوبوں کے لئے ایک ”طوفان“ برپا کرنے کی کوشش کررہے ہیں حالانکہ سندھ واضح طو ر پر صوبوں کے قیام سے (سندھ کی حد تک) لاتعلقی کا اظہار کرچکا اور سندھ اسمبلی میں ایک سے زیادہ بار مخالف قرارداد منظور ہو چکی ہوئی ہے۔ ویسے نئے صوبوں کے قیام کی مہم جسے اب انتظامی یونٹ کہا جا رہا ہے کچھ تیز ہوگئی ہے۔

جہاں تک اختیارت کے نچلی سطح تک منتقلی کا سوال ہے تو یہ ایسی بات ہے جس سے انکار ممکن نہیں،میں خود بھی نئے صوبوں یا یونٹوں کا حامی ہوں لیکن میرے نزدیک اس کے خدوخال جو ہونا چاہئیں وہ ایسے نہیں جیسا تاثر صوبوں کی تحریک والوں سے مل رہا ہے، ابھی تک صوبوں کے قیام والوں نے یہ نہیں بتایا کہ جو نیا صوبہ بنے گا اس کی ہئیت کیا ہوگی کیا نئے صوبوں کی بھی موجودہ صوبوں کی طرح گورنر، وزیراعلیٰ اور کابینہ بھی ہوگی یا پھر انتظامی یونٹ سے مراد کچھ اور ہے، یہ درست کہ اگر بڑھتی آبادی کے حوالے سے انہی صوبوں میں سے مزید انتظامی یونٹ بنا لئے جائیں تو گورننس بہتر ہو سکتی ہے لیکن کوئی یہ تو واضح کرے کہ جب باقاعدہ صوبہ بنے گا تو اسمبلی اور کابینہ کیسے نہ بن سکے گی او ر اگر یہی ہونا ہے تو پھر یہ مفروضہ غلط ہے کہ اس سے اخراجات بھی بچیں گے، اس لئے جو معزز حضرات یہ مہم چلا رہے ہیں ان کو واضح کرنا چاہیے کہ نئے صوبوں کا انتظامی ڈھانچہ کیسا اور کیا ہوگا ورنہ مہم مشکوک ہی نظر آئے گی۔میری ذاتی رائے یہ ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کی مہم میرے ملک کی نئی اشرافیہ نے اپنی محرومی کو دور کرنے کے لئے شروع کی ہے کہ جو پرانی اشرافیہ ہے وہ ان کے لئے جگہ خالی نہیں کر رہی، سیاست اور حکومت پر خاندانی اجارہ داری صاف نظر آتی ہے صرف یہی نہیں کہ موجودہ برسراقتدار ہر دو خاندانوں پر انگلیاں اٹھتی ہیں بلکہ یہ سلسلہ تو قومی اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ ہائے نیابت تک بھی ہے کہ اگر کوئی منتخب رکن اچانک حادثے کے باعث جگہ خالی کرتا ہے تو اس کی جگہ اس کا صاحبزادہ یا صاحبزادی یہ جگہ پُر کرتے ہیں یوں یہ بھی تو اجارہ داری ہی ہے اس لئے حالیہ نظام کی تبدیلی میں بے شمار رکاوٹیں حائل ہیں۔ بہتر عمل تو یہ ہے کہ صوبوں کے قیام کی خواہش والے یہ تو واضح کریں کہ ان کے نزدیک انتظامی ڈھانچہ کیا ہوگا ورنہ درحقیقت جن عوامی مسائل کا ذکر کیا جاتا ہے ان کا حل تو بلدیاتی نظام کے پاس ہے اور ہمارے سیاست دان اسی سے بھاگتے ہیں۔ بلدیاتی نظام کو بہت مضبوط ہونا چاہیے کہ یونین کونسل کی سطح پر منتخب افراد ہی مسائل جانتے اور ان کو حل کر سکتے ہیں اگر اختیارات کی تقسیم بروقت ہو جاتی اور چاروں صوبوں میں بلدیاتی نظام موثر طور پر وجود میں آ گیا ہوتا تو نئے صوبوں کا نام بھی نہ لیا جاتا، اب اگر غور کیا جائے تو مہم چلانے والے عوام اور عوامی مسائل کا ذکر تو کرتے ہیں لیکن ان کے حل کے لئے کوئی روڈمیپ نہیں دیا جاتا اس لئے پروپیگنڈے کی حد تک توصوبے بن چکے لیکن ان کی راہ میں جو رکاوٹیں حائل ہیں وہ کیسے دور ہوں گی اور کون دور کرے گا؟میں نے جو عرض کیا کہ میں خود بھی انتظامی یونٹوں کے قیام کا حامی ہوں تو اس کے لئے اول تو نئے صوبوں کی ضرورت نہیں، بلدیاتی نظام کو مضبوط کرکے عوامی مسائل حل کئے جا سکتے ہیں جبکہ اگر صوبے بنانا ہیں تو پھر یہ دہلی کی طرز پر ہوں کہ گورنر کے ساتھ وزیراعلیٰ اور تین چار وزیروں کی کابینہ ہو، دوسری صورت میں تمام ڈویژنوں کو صحیح معنوں میں ڈویژنل ہیڈکوارٹر بنا کر ان کو داخلی خودمختاری جیسے اختیارات دیئے جائیں۔نئے صوبوں کے قیام کی تحریک کا ذکر کرکے نئی اشرافیہ کے لئے گنجائش پیدا نہ کریں۔ سیاسی ڈھانچے کو شدید نقصان ہوگا۔

Leave a reply