
اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے غیر فعال یا بند موبائل سمز سے منسلک واٹس ایپ اکاؤنٹس کو بلاک کرنے کا عمل شروع کردیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد صارفین کے اکاؤنٹس کو ممکنہ غلط استعمال اور غیر مجاز رسائی سے محفوظ بنانا ہے۔
پی ٹی اے کی جانب سے صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹس ایسے موبائل نمبرز کے ساتھ منسلک رکھیں جو فعال ہوں اور ان کے اپنے استعمال میں ہوں۔
اتھارٹی کے مطابق غیر فعال یا منسوخ شدہ موبائل نمبرز ٹیلی کام کمپنیوں کے مقررہ طریقہ کار کے تحت دوبارہ کسی دوسرے صارف کو جاری کیے جاسکتے ہیں۔ ایسی صورت میں پرانے صارف کے نمبر سے منسلک واٹس ایپ اکاؤنٹ کے غلط استعمال کا خدشہ پیدا ہوسکتا ہے۔
مثال کے طور پر، اگر کوئی شخص اپنی سم استعمال کرنا چھوڑ دے اور بعد میں وہی نمبر کسی دوسرے شخص کو جاری کردیا جائے تو پرانے اکاؤنٹ کی سیکیورٹی متاثر ہونے کا امکان رہتا ہے۔ اسی خطرے کے پیش نظر صارفین کو اپنے موبائل نمبرز اور واٹس ایپ اکاؤنٹس کی حیثیت کا جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ٹی اے نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی سم کی فعالیت کی تصدیق کریں۔ اگر ان کا پرانا نمبر بند ہوچکا ہے یا وہ اسے استعمال نہیں کررہے تو واٹس ایپ اکاؤنٹ کو کسی فعال موبائل نمبر پر منتقل کرلیں۔
نمبر تبدیل کرنے والے صارفین کے لیے اہم ہدایت
جن افراد نے اپنا موبائل نمبر تبدیل کرلیا ہے، انہیں واٹس ایپ کا ’Change Number‘ فیچر استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ اس فیچر کے ذریعے موجودہ اکاؤنٹ کو نئے فعال نمبر پر منتقل کیا جاسکتا ہے، جس سے اکاؤنٹ تک رسائی برقرار رکھنے میں مدد ملتی ہے۔
صارفین کو چاہیے کہ وہ اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹس سے منسلک موبائل نمبرز کی جانچ کریں اور بروقت ضروری اقدامات کریں، تاکہ مستقبل میں اکاؤنٹ تک رسائی میں مشکلات یا سیکیورٹی کے مسائل سے بچا جاسکے۔









