فرانس میں مہنگائی کے خلاف احتجاج پُرتشدد، لگژری برانڈز کے اسٹورز میں لوٹ مار

0
38
فرانس میں مہنگائی کے خلاف احتجاج پُرتشدد، لگژری برانڈز کے اسٹورز میں لوٹ مار

پیرس: فرانس میں مہنگائی اور بڑھتے ہوئے اخراجاتِ زندگی کے خلاف احتجاج کے دوران متعدد شہروں میں پُرتشدد واقعات پیش آئے، جن میں معروف برانڈز کے اسٹورز، تجارتی مراکز اور سرکاری عمارتوں کو نقصان پہنچایا گیا۔ مظاہرین نے بعض دکانوں میں داخل ہو کر قیمتی سامان بھی لوٹ لیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پیرس، مارسیل، بورڈو اور لِل سمیت مختلف شہروں میں دکانوں کے شیشے توڑنے، املاک کو نقصان پہنچانے اور گاڑیوں کو آگ لگانے کے واقعات سامنے آئے۔

بورڈو میں ایپل اور لوئی ویٹوں کے اسٹورز کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ لِل میں ایپل کی ایک دکان میں لوٹ مار کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ مارسیل میں ہرمیز کے بوتیک میں بھی توڑ پھوڑ کی گئی۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں بعض افراد کو دکانوں سے سامان لے جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

سرکاری عمارتیں اور دیگر کاروبار بھی متاثر

احتجاج کے دوران نقصان صرف مہنگے برانڈز کی دکانوں تک محدود نہیں رہا۔ مختلف شہروں میں سپر مارکیٹوں، کپڑوں کی دکانوں، فارمیسیوں اور سرکاری املاک کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔

رپورٹس کے مطابق لیون، مارسیل اور لیموج میں بلدیاتی دفاتر اور دیگر عمارتوں کو بھی نشانہ بنایا گیا، جبکہ متعدد گاڑیوں کو آگ لگانے اور سرکاری دفاتر میں توڑ پھوڑ کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے۔

ہزاروں افراد کے خلاف کارروائی

فرانسیسی حکام کے مطابق ملک بھر میں ہونے والے احتجاج میں تقریباً 5 لاکھ 50 ہزار افراد شریک ہوئے، جبکہ مزدور تنظیم سی جی ٹی نے شرکا کی تعداد تقریباً 8 لاکھ بتائی۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق مظاہروں کے دوران پولیس نے تقریباً 1,200 افراد کو گرفتار کیا۔

فرانس میں مہنگائی اور گھریلو اخراجات میں اضافے کے خلاف احتجاج نے ملک کی صورتِ حال کو مزید کشیدہ کر دیا ہے، جبکہ مختلف شہروں میں ہونے والے پُرتشدد واقعات کے نتیجے میں کاروباری مراکز اور عوامی املاک کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔

Leave a reply