
ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایپل کے متوقع اسمارٹ فون آئی فون 18 کے حوالے سے نئی تفصیلات سامنے آئی ہیں، جنہوں نے صارفین کی توجہ حاصل کرلی ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق نئے فون کے ڈیزائن میں کچھ نمایاں تبدیلیاں متوقع ہیں۔
ایک رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کی گئی تصویر میں آئی فون 18 کا مبینہ ڈمی یونٹ دکھایا گیا ہے، جس سے فون کی ممکنہ ساخت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
تصویر کے مطابق آئی فون 18 کا پچھلا کیمرا ماڈیول موجودہ آئی فون 17 کے مقابلے میں مختلف دکھائی دیتا ہے۔ فون میں دو کیمروں کی عمودی ترتیب برقرار رہنے کا امکان ہے، تاہم کیمروں کے گرد دائرہ نما ڈیزائن اسے الگ شناخت دے سکتا ہے۔
مزید یہ کہ مبینہ ڈمی یونٹ میں میگ سیف مقناطیسی نظام کی موجودگی بھی دکھائی گئی ہے۔ تاہم ان تفصیلات کی ایپل کی جانب سے تاحال باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی، اس لیے حتمی ڈیزائن میں تبدیلی کا امکان موجود ہے۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ آئی فون 18 کو 2027 کی پہلی سہ ماہی میں متعارف کرایا جا سکتا ہے۔ دوسری جانب ایپل نے 2026 میں اپنے آئی فونز کی لانچ حکمت عملی میں تبدیلی کرتے ہوئے پرو ماڈلز اور فولڈ ایبل فون کو ترجیح دی۔
صارفین کو آئی فون 18 کی حتمی خصوصیات اور قیمت جاننے کے لیے کمپنی کے باضابطہ اعلان کا انتظار کرنا ہوگا۔









