بجلی چوری روکنے کے لیے ای پی ایم ایس نصب کرنے کا فیصلہ، وزیر توانائی

0
28
بجلی چوری روکنے کے لیے ای پی ایم ایس نصب کرنے کا فیصلہ، وزیر توانائی

اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ بجلی چوری کی روک تھام کے لیے زیادہ لائن لاسز والے علاقوں میں الیکٹرانک پاور مانیٹرنگ سسٹم (ای پی ایم ایس) نصب کیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے متعلقہ ٹرانسفارمرز کو بند کیا جا سکے گا۔

ڈی جی خان ایئرپورٹ کے توسیعی منصوبے کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اویس لغاری نے بتایا کہ ایئرپورٹ کو بین الاقوامی پروازوں کے لیے اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔ منصوبے پر ساڑھے 5 ارب روپے لاگت آئے گی اور اسے جنوری 2028 تک مکمل کرنے کا ہدف ہے۔

وفاقی وزیر کے مطابق ڈیرہ غازی خان میں وزیراعظم کے اعلان کردہ چار بڑے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ ان منصوبوں میں کینسر اسپتال کی تعمیر، سیوریج نظام کی بہتری اور سڑکوں کو کشادہ کرنا شامل ہے۔

اویس لغاری نے کہا کہ ملک بھر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ طے شدہ منصوبے کے تحت کی جا رہی ہے۔ جن فیڈرز پر لائن لاسز 30 فیصد یا اس سے زیادہ ہیں، وہاں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بجلی صارفین کو بھاری بلوں سے بچانے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں، تاہم بجلی چوری کرنے اور بلوں کی ادائیگی نہ کرنے والوں کو رعایت نہیں دی جائے گی۔

وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ کے باعث گیس کی قلت پیدا ہونے سے بجلی کی پیداوار مہنگی ہو رہی ہے۔ بجلی چوری والے علاقوں میں ای پی ایم ایس کے ذریعے مخصوص ٹرانسفارمرز کو بند کرنے کا نظام متعارف کرایا جا رہا ہے۔

ان کے مطابق اس نظام کے نفاذ سے بجلی چوری کرنے والے علاقوں میں متعلقہ ٹرانسفارمرز کو کنٹرول کیا جا سکے گا، جبکہ اسی فیڈر پر موجود دیگر صارفین کو بجلی کی فراہمی متاثر ہونے سے بچانے میں مدد ملے گی۔

Leave a reply